انجنا سندھیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مدت سے کوئی ان کی تحریر نہیں ملتی (غزل)
مدت سے کوئی ان کی تحریر نہیں ملتی
کچھ دل کے بہلنے کی تدبیر نہیں ملتی
ہر اک کو نہیں ہوتا عرفان محبت کا
ہر اک کو محبت کی جاگیر نہیں ملتی
بچوں کو تو اس طرح جلتے نہیں دیکھا تھا
تاریخ میں کچھ ایسی تحریر نہیں ملتی
پنجاب کو دیکھو تو اک آگ کا دریا ہے
کشمیر میں جنت کی تصویر نہیں ملتی
اس دیش کے لوگوں نے چالیس برس پہلے
اک خواب تو دیکھا تھا تعبیر نہیں ملتی
وہ روٹھتا ہے کبھی دل دکھا بھی دیتا ہے (غزل)
وہ روٹھتا ہے کبھی دل دکھا بھی دیتا ہے
میں گر پڑوں تو مجھے حوصلہ بھی دیتا ہے
وہ میری راہ میں پتھر کی طرح رہتا ہے
وہ میری راہ سے پتھر ہٹا بھی دیتا ہے
بہت خلوص جھلکتا ہے طنز میں اس کے
وہ مجھ پہ طنز کے نشتر چلا بھی دیتا ہے
میں خود کو بھول نہ جاؤں بھٹک نہ جاؤں کہیں
وہ مجھ کو آئنہ لا کر دکھا بھی دیتا ہے
اسے عزیز ہیں غزلیں مری مرے اشعار
وہ میرے شعر مجھی کو سنا بھی دیتا ہے
مزید غزلیں از انجنا سندھیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں