پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابصار عبد العلی کی غزلیں — Absar Abdul Ali Ghazals

ابصار عبد العلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو نہیں لگتی تھی کل تک اب وہی اچھی لگی (غزل)

جو نہیں لگتی تھی کل تک اب وہی اچھی لگی

دیکھ کر اس کو جو دیکھا زندگی اچھی لگی

تھک کے سورج شام کی بانہوں میں جا کر سو گیا

رات بھر یادوں کی بستی جاگتی اچھی لگی

منتظر تھا وہ نہ ہم ہوں تو ہمارا نام لے

اس کی محفل میں ہمیں اپنی کمی اچھی لگی

وقت رخصت بھیگتی پلکوں کا منظر یاد ہے

پھول سی آنکھوں میں شبنم کی نمی اچھی لگی

دائرے میں اپنے ہم دونوں سفر کرتے رہے

برف سی دونوں جزیروں پر جمی اچھی لگی

اک قدم کے فاصلے پر دونوں آ کر رک گئے

بس یہی منزل سفر کی آخری اچھی لگی

تیر اندازوں کو اندازہ نہیں (غزل)

تیر اندازوں کو اندازہ نہیں

زد میں آنا تھا جسے آیا نہیں

کچھ تصور کچھ توقع کچھ گماں

یہ بھی کیا خوابوں کا خمیازہ نہیں

ساری بستی میں فقط اک تیری ذات

قبلہ و کعبہ سہی کعبہ نہیں

جس ہوا میں تو ہے آقائے چمن

کوئی بھی جھونکا وہاں تازہ نہیں

دھول کی آنکھوں میں جا ہوتی نہیں

پاؤں میں لگتا کبھی سرمہ نہیں

ہے کھڑا ساحل پہ لہروں سے پرے

پار جانے پر وہ آمادہ نہیں

چاہتا ہے تو جو تزئین وفا

پھول لا کانٹوں کا گلدستہ نہیں

اپنے دل میں آپ ہی رہتا ہے وہ

دوسرا کیا اس میں رہ سکتا نہیں

آسماں خاموش ہو اور لوگ چپ

دیر تک یہ سلسلہ چلتا نہیں

بادل گرجے (نظم)

بادل گرجے

گڑ گڑ گڑ گڑ

بجلی کڑکے

کڑ کڑ کڑ کڑ

پتے ہلے

صرصر صرصر

مینڈک بولے

ٹر ٹر ٹر ٹر

بچے بھاگے

دھم دھم دھم دھم

پانی برسے

چھم چھم چھم چھم

مزید غزلیں از ابصار عبد العلی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں