پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انیس الرحمان کی غزلیں — Anisur Rahman Ghazals

انیس الرحمان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہمیں تو عشق میں سب کام اچھے لگ رہے تھے (غزل)

ہمیں تو عشق میں سب کام اچھے لگ رہے تھے

یہاں تک کہ سبھی الزام اچھے لگ رہے تھے

سنائے جا رہے تھے عشق شوریدہ کے قصے

ہمیں قصے نہیں انجام اچھے لگ رہے تھے

یقیں کی منزلوں سے گو کہ آگے جا رہے تھے

پس منظر مگر اوہام اچھے لگ رہے تھے

شب تاریک میں شب تاب انجم آسماں پہ

یہ دونوں برسر پیغام اچھے لگ رہے تھے

نکو کاری کا دشنامی صلہ ہے کیا گلہ ہے

کہ ہم بدنام ہیں بدنام اچھے لگ رہے تھے

رقیباں خوش تھے شعر شوخ کے تیور پہ ہم بھی

کہ ان شعروں کے سب ایہام اچھے لگ رہے تھے

میاں مجنوں بھی گم تھے نجد کی عریانیوں میں

پہ ہم صحرا میں با احرام اچھے لگ رہے تھے

نماز عشق ادا کرنے کی کوئی جا نہیں تھی

سو یہ سجدے ہمیں ہر گام اچھے لگ رہے تھے

وہ وصلت بھی کوئی وصلت کہ جاں آسودہ خاطر

فراقوں میں انیسؔ خام اچھے لگ رہے تھے

جو ختم ہو گئی تھی وہ بات چل رہی ہے (غزل)

جو ختم ہو گئی تھی وہ بات چل رہی ہے

اک سر خوشی کا عالم بارات چل رہی ہے

تاریکیوں کے اندر اک رات چل رہی ہے

اور رات کے جلو میں اک گھات چل رہی ہے

کیا کیا بساط میں بھی پھیلا چکا تھا لیکن

ان میں کسی پہ میری بھی مات چل رہی ہے

ملنے کے سب بہانے ناکام ہو چکے ہیں

وہ کہہ چکے ہیں مجھ سے برسات چل رہی ہے

نوک قلم پہ خشکی تحریر بھی بغل میں

ہم کیا بتائیں کیونکر وہ سات چل رہی ہے

میں نے ہی کہہ دیا تھا تم ساتھ ساتھ چلنا

دنیا اب آگے پیچھے بد ذات چل رہی ہے

وہ بھی بسر ہوئی تھی یہ بھی گزر رہی ہے

دونوں کے پیش و پس میں اوقات چل رہی ہے

دونوں کے دست و بازو اک دوسرے پہ اٹھے

جنگ و جدال کیسی ہیہات چل رہی ہے

مزید غزلیں از انیس الرحمان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں