انیس دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آپ کا کوئی سفر بے سمت بے منزل نہ ہو (غزل)
آپ کا کوئی سفر بے سمت بے منزل نہ ہو
زندگی ایسی نہ جینا جس کا مستقبل نہ ہو
آج کے شہزادے سب کچھ چاہتے ہیں اس طرح
سختیٔ موسم بھی کم ہو راہ بھی مشکل نہ ہو
تیرا سرمایہ تری دولت یہی اک چیز ہے
ایک پل کردار کی تعمیر سے غافل نہ ہو
اس نے خوشیوں کے خزانے وا کئے مجھ پر مگر
بے تحاشا روشنی کی تیرگی حاصل نہ ہو
اپنی قربت کے کچھ ایسے نقش دل پر چھوڑ دے
وہ بھی چاہے تو محبت کا اثر زائل نہ ہو
یہ سمجھ لو بے حسی اس کا مقدر بن چکی
اے انیسؔ اپنی غلط کاری پہ جو قائل نہ ہو
سانسوں میں شہر بھر کی اتر جانا چاہیے (غزل)
سانسوں میں شہر بھر کی اتر جانا چاہیے
خوشبو ہو تم تو تم کو بکھر جانا چاہیے
کرنا ہے آپ کو جو نئے راستوں کی کھوج
سب جس طرف نہ جائیں ادھر جانا چاہیے
اس بے وفا پہ مرنے کو آمادہ دل نہیں
لیکن وفا کی ضد ہے کہ مر جانا چاہیے
دیوار بن کے وقت اگر راستہ نہ دے
جھونکا ہوا کا بن کے گزر جانا چاہیے
ان کے سوائے جن پہ تباہی گزر گئی
ہر شخص کہہ رہا ہے کہ ہر جانا چاہیے
یوں آہ بھر کہ اس کا تغافل لرز اٹھے
تو خاک ہو گیا یہ خبر جانا چاہیے
اگلی صفوں میں ہم ہی رہیں کیوں سدا انیسؔ
اب معرکے میں اس کا بھی سر جانا چاہیے