پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابرار عابد کی غزلیں — Abrar Abid Ghazals

ابرار عابد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ڈوب جانا مرا مقدر تھا (غزل)

ڈوب جانا مرا مقدر تھا

اس کی آنکھیں نہ تھیں سمندر تھا

سبب دل شکستگی مت پوچھ

سامنے آئنے کے پتھر تھا

بے توازن گزر رہی ہے حیات

وہ مری زندگی کا محور تھا

جس کی سانسوں میں تھی مسیحائی

اس کا ایک ایک لفظ نشتر تھا

اس کو دیکھا تو مر گیا شاید

مجھ میں پوشیدہ ایک آذر تھا

جس کو عابدؔ سکون دل کہیے

اب نہیں ہے کبھی میسر تھا

کل رات دل میں یادوں کا میلہ لگا رہا (غزل)

کل رات دل میں یادوں کا میلہ لگا رہا

ماضی کو چشم حال سے میں دیکھتا رہا

تیرے بغیر جی تو نہ سکتے تھے ہم مگر

غم تیرا زندگی کا سہارا بنا رہا

منہ میں زباں نہ رکھتے تھے تیری گلی کے لوگ

میں پتھروں سے تیرا پتا پوچھتا رہا

زندان احتیاط میں گزری تمام عمر

میں جرم آگہی کی سزا کاٹتا رہا

شل ہو گیا وجود تو عابدؔ کھلا یہ بھید

میں جس کو ڈھونڈھتا تھا وہ مجھ میں چھپا رہا

مزید غزلیں از ابرار عابد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں