پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابرار احمد کی غزلیں — Abrar Ahmad Ghazals

ابرار احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اور کیا رہ گیا ہے ہونے کو (غزل)

اور کیا رہ گیا ہے ہونے کو

ایک آنسو نہیں ہے رونے کو

خواب اچھے رہیں گے ان دیکھے

خاک اچھی رہے گی سونے کو

تو کہیں بیٹھ اور حکم چلا

ہم جو ہیں تیرا بوجھ ڈھونے کو

چشم نم چار اشک اور ادھر

داغ اک رہ گیا ہے دھونے کو

بیٹھنے کو جگہ نہیں ملتی

کیا کریں اوڑھنے بچھونے کو

یہ مہ و سال چند باقی ہیں

اور کچھ بھی نہیں ہے کھونے کو

نارسائی کا رنج لائے ہیں

تیرے دل میں کہیں سمونے کو

آج کی رات جاگ لو یارو

وقت پھر حشر تک ہے سونے کو

یاد بھی تیری مٹ گئی دل سے

گریزاں تھا مگر ایسا نہیں تھا (غزل)

گریزاں تھا مگر ایسا نہیں تھا

یہ میرا ہم سفر ایسا نہیں تھا

یہاں مہماں بھی آتے تھے ہوا بھی

بہت پہلے یہ گھر ایسا نہیں تھا

یہاں کچھ لوگ تھے ان کی مہک تھی

کبھی یہ رہ گزر ایسا نہیں تھا

رہا کرتا تھا جب وہ اس مکاں میں

تو رنگ بام و در ایسا نہیں تھا

بس اک دھن تھی نبھا جانے کی اس کو

گنوانے میں ضرر ایسا نہیں تھا

مجھے تو خواب ہی لگتا ہے اب تک

وہ کیا تھا وہ اگر ایسا نہیں تھا

پڑے گی دیکھنی دیوار بھی اب

کہ یہ سودائے سر ایسا نہیں تھا

خبر لوں جا کے اس عیسیٰ نفس کی

وہ مجھ سے بے خبر ایسا نہیں تھا

نہ جانے کیا ہوا ہے کچھ دنوں سے

کہ میں اے چشم تر ایسا نہیں تھا

یوں ہی نمٹا دیا ہے جس کو تو نے

وہ قصہ مختصر ایسا نہیں تھا

اس گھر میں یا اس گھر میں (نظم)

اس گھر میں یا اس گھر میں

تو کہیں نہیں ہے

دروازے بجتے ہیں

خالی کمرے

تیری باتوں کی مہکار سے بھر جاتے ہیں

دیواروں میں

تیری سانسیں سوئی ہیں

میں جاگ رہا ہوں

کانوں میں

کوئی گونج سی چکراتی پھرتی ہے

بھولے بسرے گیتوں کی

چاندنی رات میں کھلتے ہوئے

پھولوں کی دمک ہے، یہیں کہیں

تیرے خواب

مری بے سایہ زندگی پر

بادل کی صورت جھکے ہوئے ہیں

یاد کے دشت میں

آنکھیں کانٹے چنتی ہیں

میرے ہاتھ

ترے ہاتھوں کی ٹھنڈک میں

ڈوبے رہتے ہیں

آخر۔۔۔ تیری مٹی سے مل جانے تک

کتنے پل

کتنی صدیاں ہیں

اس سرحد سے

اس سرحد تک

کتنی مسافت اور پڑی ہے

ان رستوں میں

کتنی بارشیں برس گئی ہیں

آنکھیں مری

تیری راتوں کو ترس گئی ہیں

مزید غزلیں از ابرار احمد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں