انیس ابر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مسکان لبوں پر آنکھوں میں تاروں کا سجانا مشکل ہے (غزل)
مسکان لبوں پر آنکھوں میں تاروں کا سجانا مشکل ہے
دل توڑنا ہے آساں لیکن روتے کو ہنسانا مشکل ہے
ہے کانچ صفت دل سینے میں جب ٹوٹتا ہے پھر جڑتا نہیں
جس چیز سے دل اٹھ جاتا ہے پھر اس سے لگانا مشکل ہے
اے بلبل دل یوں غم پی کر مت چہک کہ اب لب کو سی لے
سب ساز بریدہ حال ہوئے اب راگ پرانا مشکل ہے
اے خیر طلب افراد چلو اپنی جانیں قربان کریں
بے خون بہائے دنیا کو غفلت سے جگانا مشکل ہے
تم کاغذی کشتی میں دریا کو پار کرو تب سمجھو گے
اشکوں سے لبالب آنکھوں میں کیوں خواب سجانا مشکل ہے
مانا کہ مقدر ہے فرقت لازم ہے جدائی بھی لیکن
ان سرد اندھیری راتوں میں دل کو سمجھانا مشکل ہے
لگا کے دل کوئی کچھ پل امیر رہتا ہے (غزل)
لگا کے دل کوئی کچھ پل امیر رہتا ہے
پھر اک عمر وہ غم میں اسیر رہتا ہے
کیوں ہاتھ دل سے لگاتے ہو بار بار اپنا
کیا دل میں اب بھی کوئی بے نظیر رہتا ہے
تری زباں پہ قناعت کی بات ٹھیک نہیں
ترے بدن پہ لباس حریر رہتا ہے
یقین آ گیا ان مہرباں ہواؤں سے
اسی گلی میں مرا دست گیر رہتا ہے
ترے فراق کا غم وہ ہے کہ دلاسے کو
تا صبح بام پہ ماہ منیر رہتا ہے
پھر اہل عشق کی تخلیق ہوتی ہے پہلے
جنوں کی آگ میں برسوں خمیر رہتا ہے