عابدہ کرامت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب کے حصار ذات سے باہر نکل کے دیکھ (غزل)
اب کے حصار ذات سے باہر نکل کے دیکھ
شہر گلاب میں کبھی کانٹوں پہ چل کے دیکھ
جو بھی ہے جیسا اس کو اسی طرز سے پرکھ
اس کو بدل کے دیکھ نہ خود کو بدل کے دیکھ
اوروں کی آگ کیا تجھے کندن بنائے گی
اپنی بھی آگ میں کبھی چپ چاپ جل کے دیکھ
جو تیرے راستے میں ہیں پتھر پڑے ہوئے
گر کے تو ان پہ دیکھ لیا اب سنبھل کے دیکھ
چہرہ ہمیشہ کیوں پس غازہ چھپا رہے
اس پہ تو اپنے خون کا بھی رنگ مل کے دیکھ
اس نے جانے کی کہی ہو جیسے (غزل)
اس نے جانے کی کہی ہو جیسے
کوئی آندھی سی چلی ہو جیسے
آج کچھ ایسی تھکن ہے مجھ کو
رات آنکھوں میں کٹی ہو جیسے
پھر مری آنکھ سے آنسو ٹپکا
کوئی امید بندھی ہو جیسے
آج ہنسنے کو بہت جی چاہے
دل پہ اک چوٹ لگی ہو جیسے
تجھ سے مل کر یہ ہوا ہے محسوس
زندگی آج ملی ہو جیسے
موت جب اک قدم رہ گئی (نظم)
موت جب اک قدم رہ گئی
کس قدر پیار سے
مجھ سے جلاد نے
تختۂ دار پر
بڑھ کے اتنا کہا
آخری تیری خواہش ہے کیا
میں سوچتی رہ گئی
میری پہلی بھی خواہش کو کب
کس نے پورا کیا