پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ابر احسنی گنوری کی غزلیں — Abr Ahsani Gunnauri Ghazals

ابر احسنی گنوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لبریز ہو چکا ہے پیمانہ زندگی کا (غزل)

لبریز ہو چکا ہے پیمانہ زندگی کا

سن جاؤ اب بھی آ کر افسانہ زندگی کا

جب حال آپ ہی نے پوچھا نہ زندگی کا

پھر کس کو ہم سنائیں افسانہ زندگی کا

اب ہم ہیں اور ظالم تیری گلی کے چکر

گردش میں آ گیا ہے پیمانہ زندگی کا

کیا آپ سن سکیں گے روداد یاس و حسرت

کیا آپ کو سناؤں افسانہ زندگی کا

آؤ کہ بے تمہارے دم رک گیا ہے لب پر

کیوں طول کر رہی ہو افسانہ زندگی کا

خود میرے چارہ گر کا چہرہ اتر چلا ہے

اب دے فریب مجھ کو دنیا نہ زندگی کا

آؤ کہ آ رہے ہیں اب نزع کے پسینے

یعنی چھلک چلا ہے پیمانہ زندگی کا

تم بھی ہو کچھ خجل سے میرا بھی رک چلا دم

کہہ دو تو ختم کر دوں افسانہ زندگی کا

دامن پہ گر رہے ہیں اے ابرؔ اشک رنگیں

لکھتا ہوں خون دل سے افسانہ زندگی کا

وہاں پہنچا دیا ہے عشق نے اب مرحلہ دل کا (غزل)

وہاں پہنچا دیا ہے عشق نے اب مرحلہ دل کا

جہاں سب فرق مٹ جاتا ہے بسمل اور قاتل کا

جدائی کا وفا کا جور کا الفت کی مشکل کا

رہا ہے سامنا ہر سنگ سے آئینۂ دل کا

چلو اچھا ہوا تم آ گئے دم توڑتا تھا میں

یہی دشوار تھی ساعت یہی تھا وقت مشکل کا

پلٹ آتا ہوں میں مایوس ہو کر ان مقاموں سے

جہاں سے سلسلہ نزدیک تر ہوتا ہے منزل کا

کمال شوق میں مجنوں انا لیلیٰ کا قائل ہے

اگر ایسے میں پردہ خود بخود اٹھ جائے محمل کا

عرق سے تر جبیں خنجر میں لغزش رخ پہ گھبراہٹ

ادب اے سخت جاں پردہ کھلا جاتا ہے قاتل کا

کھڑا ہے ابرؔ در پر کچھ نہیں دیتے نہ دو لیکن

نہیں دل توڑتے ارباب ہمت اپنے سائل کا

میرے وطن کی مٹی سونا اگل رہی ہے (نظم)

میرے وطن کی مٹی سونا اگل رہی ہے

سبزے کی یہ حکومت یہ کھیت لہلہاتے

پتے ہوا سے چھو کر ایک راگ سا سناتے

سوتا ہوا مقدر انسان کا جگاتے

پودے نہیں زمیں سے دولت ابل رہی ہے

مکا ہے یا زمرد تن کر کھڑے ہوئے ہیں

دھانوں کی بالیوں میں ہیرے جڑے ہوئے ہیں

بھٹے ہیں جوار کے یا موتی جڑے ہوئے ہیں

افلاس کے گلے پر تلوار چل رہی ہے

جو میں چھپی ہوئی ہے شیروں سے بڑھ کر طاقت

پاتا ہوں میں چنے میں سو سو طرح کی لذت

گیہوں کو کیوں نہ سمجھوں اپنی وطن کی دولت

اس کے ہی بل پہ ساری مخلوق میں رہی ہے

پھل پھول ہوں کہ میوے کیا سے کیا یہاں نہیں ہے

کانوں کا اک خزانہ اس ملک کی زمیں ہے

پکھراج بھی یہیں ہے یاقوت بھی یہیں ہے

پانے کو جن کو ساری دنیا مچل رہی ہے

ایسی زمین پا کر خوشیاں نہ کیوں منائیں

آپس کا بیر چھوڑیں مل جل کے عیش اڑائیں

دنیا میں اس زمیں کی سب آبرو بڑھائیں

لازم ہے لوگ سنبھلیں دنیا سنبھل رہی ہے

مزید غزلیں از ابر احسنی گنوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں