انیس سلطانہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بروز حشر مرا احتساب کیا ہوگا (غزل)
بروز حشر مرا احتساب کیا ہوگا
کہ اس زمیں کے سوا اور عذاب کیا ہوگا
مدام فکر میں بے عقل کا تسلسل کار
کتاب زیست کا آئندہ باب کیا ہوگا
جواں دلوں میں فقط نفرتیں ہی ملتی ہیں
زیادہ اس سے کوئی انقلاب کیا ہوگا
عطا کیا مہ کامل کو عشرتوں کا غرور
اندھیری رات سے بڑھ کر عذاب کیا ہوگا
طلسم کیف و نظر مدعائے بے خبری
طلسم ہوش و خرد کا نصاب کیا ہوگا
گناہ گار نظر بھی ہے دل کی دھڑکن بھی
وہ پوچھ لیں گے تو میرا جواب کیا ہوگا
بہ فیض جرأت رندانہ دیکھنا تو انیسؔ
ادا شناسوں کا تجھ پر عتاب کیا ہوگا
یوں فسانہ کہنے کا سلسلہ بدل جائے (غزل)
یوں فسانہ کہنے کا سلسلہ بدل جائے
اگلے موڑ پر شاید راستہ بدل جائے
آئنہ بدلنے سے چہرہ کب بدلتا ہے
ہاں یہ عین ممکن ہے زاویہ بدل جائے
لوگ میرے بارے میں کچھ الگ ہی کہتے ہیں
مجھ سے مل کے دیکھیں تو نظریہ بدل جائے
گرچہ لفظ و معنی کا رشتہ خود ہی مبہم ہے
وہ اگر بیاں کر دیں واقعہ بدل جائے
دشمنوں سے ملنے کا فیصلہ تو میرا تھا
آپ سے ملیں شاید فیصلہ بدل جائے
بات کہتے کہتے کیوں رک گئیں ادھر میں تم
سوچ کر کہو شاید سلسلہ بدل جائے
بارہا انیسؔ ان سے مل کے یوں تو دیکھ آئے
اب کی بار ممکن ہے نظریہ بدل جائے
شکست زنداں کا خواب میں نے کبھی نہ دیکھا کہ سچ یہی ہے (نظم)
شکست زنداں کا خواب میں نے کبھی نہ دیکھا کہ سچ یہی ہے
جو بیڑیاں پاؤں میں پڑی ہیں وہی اثاثہ ہے زندگی کا
وہیں سے میرے شعور نے پائیں آگہی کی نئی ترنگیں
وہیں سے اظہار کے وسیلے وہیں سے فن کے نئے تقاضے
وہیں سے جینے کے حوصلے بھی وہیں سے رندی کے ولولے بھی
ہر ایک آہٹ پہ سانحہ اک نیا گزرتا ہے لمحہ لمحہ
میں چاہتوں کی نقیب بن کر ہر ایک قیدی سے پوچھتی ہوں
ملے رہائی تو کیا کرو گے جو چھوٹ جاؤ تو کیا کرو گے
کہ زندگی انگنت سوالوں کو سامنے لے کے آ گئی ہے
ہر ایک چہرہ کھلا کھلا سا ہر ایک جذبہ ڈرا ڈرا سا
جہاں میں جیسے ہیں جس جگہ ہیں وہیں سے منزل کا راستہ ہے