پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عابد رضا کی غزلیں — Abid Raza Ghazals

عابد رضا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کچھ تم کو مری جان خبر ہے کہ نہیں ہے (غزل)

کچھ تم کو مری جان خبر ہے کہ نہیں ہے

رستہ ہے کٹھن زاد سفر ہے کہ نہیں ہے

رہتے ہیں اسی عالم امکان میں ہم لوگ

یہ عالم امکان مگر ہے کہ نہیں ہے

الفاظ کی چوکھٹ پہ ہے ابہام کا پردہ

پردے میں کوئی دست ہنر ہے کہ نہیں ہے

افلاک کے اس پار سے ہو آؤ تو پوچھیں

جو بات ادھر ہے وہ ادھر ہے کہ نہیں ہے

جانکنی کا پسینہ ہے اور لمحہ لمحہ ٹپکتا ہوا وقت ہے (غزل)

جانکنی کا پسینہ ہے اور لمحہ لمحہ ٹپکتا ہوا وقت ہے

موت ہے سچ کی حرمت کا پہلا سخن دوسرا وقت ہے

زحل کے کاسۂ نحس میں شہر ظلمات خاموش ہے

ایک اندھا مگر چیختا ہے کہ لوگو برا وقت ہے

اپنے مشکی کو مہمیز دے کر ذرا اک نظر دیکھ لوں

کتنے نوری برس کی مسافت پہ ٹھہرا ہوا وقت ہے

ابن آدم کا ورثہ ہے پیغمبری وقت اور امتحاں

حوصلے کا عصا اب نہ ٹوٹے کہ آگے کڑا وقت ہے

خوں میں تر لشکری زندگی کی فصیلوں پہ سوتے ہیں کیوں

رات دن مل رہے ہیں یہاں اس گھڑی جھٹپٹا وقت ہے

ہم جو زندہ تھے مصروف تھے ہر نفس کار بے کار میں

اور اب مر چکے ہیں تو لگتا ہے جیسے بڑا وقت ہے

کوہ آوارگی تیرے دامن میں کب سے ہوں میں خیمہ زن

رات ڈھلتی نہیں دن گزرتا نہیں جانے کیا وقت ہے

ایک مدت ہوئی پیار کے شہر میں اس سے بچھڑے ہوئے

دو گھڑی کے لیے گر ملے وہ کہیں پوچھنا وقت ہے

ایک دن اچانک (نظم)

ایک دن اچانک

کئی لفظ

منکر نکیر کی طرح

جھپاک سے میری قبر میں گھس آئے

اکثر کی پیشانی پر سوالات کے اچنبھے تھے

پریشانی کی بات تو تھی ہی

میں نے فوراً گوگل اور وکیپیڈیا کے واسطے دینے شروع کئے

بس پھر کیا تھا

سارے لفظ

میرے سامنے رقص کرتے ہوئے

جھٹ پٹ رنگ برنگی آوازیں پہن کر

ایک دوسرے سے لپٹ گئے

ذرا سی دیر میں

سارے رنگ آپس میں الجھ گئے

اور ایک بڈھا الو

یہ آہنی تختی میرے گلے میں ڈال گیا

جس پر بے رنگ خط میں کندہ ہے

آج سے یہ بد بخت دریدہ دماغ

لفظوں پر چڑھے رنگ کھرچا کرے گا

کہ یہی اس کی سزا ہے

تب سے میں اسی مشقت میں لگا ہوں

اور منتظر ہوں کہ گلے میں پڑی ہوئی تختی پر لگا زنگ مجھے کب نظر آئے گا