انیس قلب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنے بدن کی آگ میں جلنا پڑا مجھے (غزل)
اپنے بدن کی آگ میں جلنا پڑا مجھے
پھر یہ ہوا کہ راکھ میں ڈھلنا پڑا مجھے
آسان اتنی ہوتی نہیں راہ عشق کی
پھولوں کے ساتھ کانٹوں پہ چلنا پڑا مجھے
سورج غموں کا سر پہ رہا ہے تمام عمر
اور قطرے قطرے روز پگھلنا پڑا مجھے
میں جانتا تھا دکھ بہت ہوگا مجھے مگر
اس کی گلی سے ہو کے نکلنا پڑا مجھے
کب تک میں چھپتا رہتا بھلا تیرگی سے قلبؔ
پھر مثل آفتاب نکلنا پڑا مجھے
مصیبت آئی ہے تو پھر مصیبت سے نہ گھبرانا (غزل)
مصیبت آئی ہے تو پھر مصیبت سے نہ گھبرانا
دیے کا کام ہے آخر سویرے تک جلے جانا
گزاری ہجر کی راتیں تمہاری یاد میں اکثر
کبھی جو ملنے آ جاؤ بہل جائے گا دیوانہ
نہیں ہے رشک مجھ کو تو حویلی اور دولت کا
میں مٹی کا ہوں پیکر اور اسی میں مجھ کو مل جانا
جنوں میں رقص کرتے ہی فنا ہو جائے گا آخر
قریب شمع آیا ہے وہ دیکھو ایک پروانہ
نہ صحرا میں نہ دریا میں نہ جنگل میں بیاباں میں
کہاں پر آ گیا ہوں میں ذرا یہ مجھ کو سمجھانا
میں آوارہ سا اک لڑکا معاشی فکر میں الجھا
یہی ہے داستاں میری یہی ہے میرا افسانہ
جہاں محبوب ہو تم قلبؔ سجدہ اس جگہ رکھنا
حرم ہو دیر ہو چاہے کلیسا ہو یا بت خانہ