پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عابد قزلباش کی غزلیں — Abid Qazalbash Ghazals

عابد قزلباش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

انا کے خول سے باہر نکل کے دیکھتا ہے (غزل)

انا کے خول سے باہر نکل کے دیکھتا ہے

وہ اپنی سوچ کا محور بدل کے دیکھتا ہے

پرکھ رہا ہے کسوٹی پہ ہر نیا لمحہ

زمانہ مجھ کو مرے ساتھ چل کے دیکھتا ہے

ان آڑی ترچھی لکیروں میں ڈھونڈتا ہے نصیب

وہ بار بار ہتھیلی مسل کے دیکھتا ہے

سمجھ رہا ہے کہ آئینہ جھوٹ بولے گا

وہ اپنے آپ کو چہرہ بدل کے دیکھتا ہے

تصورات کو شاید زبان مل جائے

خیال شعر کے پیکر میں ڈھل کے دیکھتا ہے

سبھی کو دیتا ہے کس کو خدا نہیں دیتا (غزل)

سبھی کو دیتا ہے کس کو خدا نہیں دیتا

بجز خدا کے کوئی دوسرا نہیں دیتا

ملیں فقیر کو کاسے میں جھڑکیاں پھر بھی

کوئی فقیر کبھی بد دعا نہیں دیتا

ہمیں تو راستہ اپنا بنا کے چلنا ہے

یہاں کسی کو کوئی راستہ نہیں دیتا

بلندیوں پہ پہنچنا ہے تو اڑان بھرو

تھکے ہوئے کو کوئی حوصلہ نہیں دیتا

تکلفات کو بالائے طاق رکھ دیجے

کبھی کبھی یہ سلیقہ مزہ نہیں دیتا

زبان جس کو کہیں وہ زبان ہے اردو (نظم)

زبان جس کو کہیں وہ زبان ہے اردو

زمین پر ہے مگر آسمان ہے اردو

ہمارے ملک کا قومی نشان ہے اردو

خود اپنی ذات میں ہندوستان ہے اردو

ہمارا دعویٰ ہے جادو بیان ہے اردو

ہر ایک شخص کی نوک زبان ہے اردو

اسی زبان نے بخشا غزل کو حسن دوام

قصیدہ نظم رباعی کی جان ہے اردو

دکھائی دیتا ہے قوموں کا امتزاج اس میں

اسی حوالے سے اک خاندان ہے اردو

مخالفت بھی کریں گے اگر تو اردو میں

مخالفوں کے لیے ترجمان ہے اردو

ترے ہی گھر میں تجھے ذلتیں اٹھانی ہیں

ترے لیے یہ بڑا امتحان ہے اردو

سپاہی ہوں اسی لشکر کا میں بھی اک عابدؔ

مجھے یہ فخر ہے میری زبان ہے اردو

مزید غزلیں از عابد قزلباش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں