پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عابد نامی کی غزلیں — Abid Nami Ghazals

عابد نامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ جانے ربط مسرت ہے کس قدر غم سے (غزل)

نہ جانے ربط مسرت ہے کس قدر غم سے

خبر خوشی کو ملی بھی تو چشم پر نم سے

زبان کھولیے خلوت میں بے حجابانہ

چھپائی جاتی ہے کب دل کی بات محرم سے

کسی کی یاد میں کیا کیا نہ ہم پہ بیت گئی

جہاں نے دی تھی جو فرصت ذرا ہمیں غم سے

شعور شانہ کشی دیکھیے انہیں کب آئے

مزاج زیست ہے وابستہ زلف برہم سے

فریب دوست نہ کھاتے تو اور کیا کرتے

یہی تو رسم چلی آ رہی ہے آدم سے

یہ آج کون سی تقصیر ہو گئی نامیؔ

کہ دوست بھی تو ملاتے نہیں نظر ہم سے

آپ کرشمہ ساز ہوئے ہیں ہوش میں ہے دیوانہ بھی (غزل)

آپ کرشمہ ساز ہوئے ہیں ہوش میں ہے دیوانہ بھی

حسن ادا ہے نام اسی کا حیراں ہے پروانہ بھی

وقت نے ایسی کروٹ بدلی پھول کھلے بستی اجڑی

وحشت کا وہ زور بڑھا آباد ہوا ویرانہ بھی

رات کی محفل آرائی کا پچھلے پہر احوال نہ پوچھ

شمع کی لو بھی سرد پڑی تھی راکھ ہوا پروانہ بھی

تنہائی سے گھبرا کر ہم کیا کیا شکوے کرتے تھے

لیکن جب سے آپ ملے ہیں دوست ہوا بیگانہ بھی

دم کے دم میں دنیا بدلی بھیڑ چھٹی کہرام اٹھا

چلتے چلتے سانس رکی اور ختم ہوا افسانہ بھی

میں بھی سجدہ کر لوں نامیؔ لیکن دل کو دھڑکن ہے

کیا یہ وہی کعبہ تو نہیں جو کل تک تھا بت خانہ بھی

مزید غزلیں از عابد نامی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں