انیس اشفاق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
روئے گل چہرۂ مہتاب نہیں دیکھتے ہیں (غزل)
روئے گل چہرۂ مہتاب نہیں دیکھتے ہیں
ہم تری طرح کوئی خواب نہیں دیکھتے ہیں
سینۂ موج پہ کشتی کو رواں رکھتے ہیں
گرد اپنے کوئی گرداب نہیں دیکھتے ہیں
تشنگی میں بھی وہ پابند قناعت ہیں کہ ہم
بھول کر بھی طرف آب نہیں دیکھتے ہیں
سر بھی موجود ہیں شمشیر ستم بھی موجود
شہر میں خون کا سیلاب نہیں دیکھتے ہیں
آ گئے ہیں یہ مرے شہر میں کس شہر کے لوگ
گفتگو میں ادب آداب نہیں دیکھتے ہیں
آنا جانا انہیں گلیوں میں ابھی تک ہے مگر
اب وہاں مجمع احباب نہیں دیکھتے ہیں
کس چمن میں ہیں کہ موسم تو گلوں کا ہے مگر
ایک بھی شاخ کو شاداب نہیں دیکھتے ہیں
اس پہ حیراں ہیں خریدار کہ قیمت ہے بہت
میرے گوہر کی تب و تاب نہیں دیکھتے ہیں
ہو گئے سارے بلا خیز سمندر پایاب
اب سفینہ کوئی غرقاب نہیں دیکھتے ہیں
اسی زمیں پہ اسی آسماں میں رہنا ہے (غزل)
اسی زمیں پہ اسی آسماں میں رہنا ہے
ترا اسیر ہوں تیرے جہاں میں رہنا ہے
میں ایک پل تری دنیا میں کیا قیام کروں
کہ عمر بھر تو مجھے رفتگاں میں رہنا ہے
میں جانتا ہوں بہت سخت دھوپ ہے لیکن
سفر میں ہوں تو صف رہ رواں میں رہنا ہے
اتر گئی ہے تو سینے سے مت نکال اسے
کہ میرے خون کو تیری سناں میں رہنا ہے
نہ میرے ہاتھ سے چھٹنا ہے میرے نیزے کو
نہ تیرے تیر کو تیری کماں میں رہنا ہے
کھلے رہیں جو کھلے ہیں قفس کے دروازے
وہ کب چھٹیں گے جنہیں قید جاں میں رہنا ہے
تو پھر یہ زندگیٔ جاوداں کا ملنا کیا
جو ہر نفس نفس رائیگاں میں رہنا ہے
افق پہ دور کوئی چاند جگمگا اٹھا (نظم)
افق پہ دور کوئی چاند جگمگا اٹھا
نئے لباس میں اک جسم مسکرا اٹھا
چمک اٹھیں ہیں نئے منظروں میں کچھ شکلیں
سجی ہوئی ہیں کچھ ہونٹوں پہ قہقہوں کی صفیں
مہکتے پیرہنوں کے حصار میں کوئی
کسی کی نرم ہتھیلی میں رنگ بھرتا ہے
ہوائیں خوشبوئیں پھیلا رہی ہیں چاروں طرف
بلندیوں پہ کئی چاند مسکراتے ہیں
سبھی گزرتے ہوئے لمحے گنگناتے ہیں
تمام راستے ہیں روشنی میں ڈوبے ہوئے
یہاں سے دور مگر اک مقام ایسا ہے
کہ جہاں
سکون شب کی اسیری میں ایک سورج ہے
جو تیرگی کی سلاخوں سے سر ٹکائے ہوئے
سبھی بدلتے ہوئے منظروں پہ ہنستا ہے