پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عابد ملک کی غزلیں — Abid Malik Ghazals

عابد ملک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس کو جو کچھ بھی کہوں اچھا برا کچھ نہ کرے (غزل)

اس کو جو کچھ بھی کہوں اچھا برا کچھ نہ کرے

یار میرا ہے مگر کام مرا کچھ نہ کرے

کیسے ممکن ہے کہ دل رنج پہ آمادہ ہو

اور بدلے میں اداسی کا خدا کچھ نہ کرے

دوسری بار بھی پڑ جائے اگر کچھ کرنا

آدمی پہلی محبت کے سوا کچھ نہ کرے

کوئی حیرت کوئی صورت نہیں درکار مجھے

آئنہ یا تری باتیں کرے یا کچھ نہ کرے

اکتفا کر لیا بس دیکھتے رہنے پہ تجھے

ورنہ تو جس کا مقدر ہو وہ کیا کچھ نہ کرے

لوگ ایسے ہیں کہ جو دل سے تسلی بھی نہ دیں

وقت ایسا ہے کہ جب کوئی دعا کچھ نہ کرے

چھوڑ کر اپنے خدا کو ترے پاس آیا ہوں

اور اگر تو بھی مرے مسئلے کا کچھ نہ کرے

میں نے لوگوں کو نہ لوگوں نے مجھے دیکھا تھا (غزل)

میں نے لوگوں کو نہ لوگوں نے مجھے دیکھا تھا

صرف اس رات اندھیروں نے مجھے دیکھا تھا

پوچھتا پھرتا ہوں میں اپنا پتہ جنگل سے

آخری بار درختوں نے مجھے دیکھا تھا

یوں ہی ان آنکھوں میں رہتی نہیں صورت میری

آخر اس شخص کے خوابوں نے مجھے دیکھا تھا

اس لئے کچھ بھی سلیقے سے نہیں کر پاتا

گھر میں بکھری ہوئی چیزوں نے مجھے دیکھا تھا

ڈوبتے وقت بچانے نہیں آئے لیکن

یہی کافی ہے کہ اپنوں نے مجھے دیکھا تھا

مزید غزلیں از عابد ملک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں