پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انیس انصاری کی غزلیں — Anees Ansari Ghazals

انیس انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نام تیرا بھی رہے گا نہ ستم گر باقی (غزل)

نام تیرا بھی رہے گا نہ ستم گر باقی

جب ہے فرعون نہ چنگیز کا لشکر باقی

اپنے چہروں کو سیاہی میں چھپانے والو

نوک نیزہ پہ ہے سورج سا کوئی سر باقی

تیرے ورثے پہ ہیں غاصب کی عقابی نظریں

غفلتوں سے نہیں رہتے یہ جواہر باقی

اک صدف سطح سمندر پہ بہا جاتا ہے

اور ساحل پہ نہیں ایک شناور باقی

ایک صف ہوں تو بنیں سیسہ پلائی دیوار

ہوں عدو کے لئے راہیں نہ کہیں در باقی

قدر کم ہوتی ہے تقسیم جو ہوتا ہے عدو

حاصل جمع میں برکت ہے برابر باقی

جال پھر لایا ہے صیاد پھنسانے کے لئے

مل کے اڑ جائیں پرندے نہ رہے ڈر باقی

ظلم سے سر کو نہ ٹکرائیں تو پھر سجدہ کریں

ہاں پتہ ہے کہ در ہوگا نہ کہیں سر باقی

ہم شہیدوں کو کبھی مردہ نہیں کہتے انیسؔ

رزق جنت میں ملے شان یہاں پر باقی

جس کو سمجھے تھے تونگر وہ گداگر نکلا (غزل)

جس کو سمجھے تھے تونگر وہ گداگر نکلا

ظرف میں کاسۂ درویش سمندر نکلا

کبھی درویش کے تکیہ میں بھی آ کر دیکھو

تنگ دستی میں بھی آرام میسر نکلا

مشکلیں آتی ہیں آنے دو گزر جائیں گی

لوگ یہ دیکھیں کہ کمزور دلاور نکلا

جب گرفتوں سے بھی آگے ہو پہنچ مٹھی کی

تب لگے گا کہ سمندر میں شناور نکلا

کوئی موہوم سا چہرہ جو بلاتا ہے ہمیں

بادلوں کی طرح شکلیں وہ بدل کر نکلا

دل عجب چیز ہے کس مٹی میں جا کر بوئیں

جڑ یوں پکڑے کہ لگے پیڑ تناور نکلا

لاش قاتل نے کھلی پھینک دی چوراہے پر

دیکھنے والا کوئی گھر سے نہ باہر نکلا

دیکھنے میں تو دھنک چند ہی لمحے تھی انیسؔ

سات رنگوں کا مگر دیدنی منظر نکلا

مزید غزلیں از انیس انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں