پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عابد خورشید کی غزلیں — Abid Khursheed Ghazals

عابد خورشید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ندی پہاڑ گھنے جنگلوں میں چرچا تھا (غزل)

ندی پہاڑ گھنے جنگلوں میں چرچا تھا

وہ بے گناہ شجر بے لباس کتنا تھا

ملی تھی شاخ ثمر نور جسم و جاں کے لئے

جسے وہ ہاتھ لگا کر بجھا بجھا سا تھا

تمام عمر دل و جاں مراقبے میں رہے

لطیف تر لب و رخسار کا وظیفہ تھا

کچھ اس طرح صف سیارگاں ہوئی برہم

پھر اس کے بعد نہ سورج تھا اور نہ سایہ تھا

جہاں پہ خاک بیاباں خرام کرتی ہے

وہاں پہ تکیۂ مہتاب تھا دریچہ تھا

نئی شریعت جمہور بسنے والی تھی

نئے افق سے وہ خورشیدؔ اگنے والا تھا

کسے خبر تھی کہ خود کو وہ یوں چھپائے گا (غزل)

کسے خبر تھی کہ خود کو وہ یوں چھپائے گا

اور اپنے نقش کو لہروں پہ چھوڑ جائے گا

خموش رہنے کی عادت بھی مار دیتی ہے

تمہیں یہ زہر تو اندر سے چاٹ جائے گا

کچھ اور دیر ٹھہر جاؤ خواب زاروں میں

وہ عکس ہی سہی لیکن نظر تو آئے گا

بچا سکو تو بچا لو یہ آسماں یہ زمیں

ذرا سی دیر میں یہ اشک پھیل جائے گا

یہ اپنے دھیان میں رکھنا کہ میں نہ آیا تو

طلوع صبح کی خاطر کسے بلائے گا

بہت ہوا تو یہی ہوگا اے مرے خورشیدؔ

وہ شخص جا کے کبھی لوٹ کر نہ آئے گا

مزید غزلیں از عابد خورشید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں