انیس احمد انیس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب غم کا کوئی غم نہ خوشی کی خوشی مجھے (غزل)
اب غم کا کوئی غم نہ خوشی کی خوشی مجھے
آخر کو راس آ ہی گئی زندگی مجھے
وہ قتل کر کے مجھ کو پشیماں ہوئے تو کیا
لوٹا سکیں گے پھر نہ مری زندگی مجھے
سارے جہاں میں ہوتی ہے امن و اماں کی بات
لیکن نظر نہ آئی کہیں آشتی مجھے
نیزہ اٹھائے پھرتی ہے ہر راہ میں قضا
ہر موڑ پر ہراس ملی زندگی مجھے
میں گھونٹ گھونٹ جام سے بہلاؤں جی کو کیا
بے خوف کاش کر ہی دے تشنہ لبی مجھے
اک لذت گناہ تھی کیا لذت گناہ
تا عمر راس آئی نہ پھر بندگی مجھے
کچھ آرزو نہیں کہ فرشتہ بنوں انیسؔ
کافی ہے ہاں جو لوگ کہیں آدمی مجھے
ترے گیسوؤں کے سائے میں جو ایک پل رہا ہوں (غزل)
ترے گیسوؤں کے سائے میں جو ایک پل رہا ہوں
ابھی تک ہے یاد مجھ کو ابھی تک بہل رہا ہوں
میں وہ رند نو نہیں ہوں جو ذرا سی پی کے بہکوں
ابھی اور اور ساقی کہ میں پھر سنبھل رہا ہوں
نہیں غم نہ مل سکے گی مجھے شیخ تیری جنت
مجھے آرزو نہیں ہے نہ میں ہاتھ مل رہا ہوں
جو نہ میرے کام آئے جو نہ میری بات مانے
میں وہ دل بدل رہا ہوں میں وہ دل بدل رہا ہوں
مجھے جادۂ طلب میں رہ پر خطر کا کیا غم
کہ قدم جدھر اٹھے ہیں اسی سمت چل رہا ہوں
جو گرا تو پھر اٹھوں گا کہ جواں ہے عزم میرا
مجھے تم نہ دو سہارا میں اگر پھسل رہا ہوں
وہ دبا کے میرا دامن وہ جھکا کے ان کی نظریں
نہیں بھولتا یہ کہنا ابھی میں بھی چل رہا ہوں
اٹھو حیات پہ خنجر کی دھار گزری ہے (نظم)
اٹھو حیات پہ خنجر کی دھار گزری ہے
لہو کی بوندیں ٹپکتی ہیں زخمی روحوں سے
سیاہ روشنی میں اور جاگ اٹھی وحشت
لہو میں گھل گئی تلخی دلوں پہ نقش بنے
یہ سانس سینے میں گھٹتی ہوئی می لگتی ہے
یہ روز و شب کا تفکر یہ ساری عمر کا گھن
حیات اوب گئی عدل کے اندھیروں سے
کہاں تک عدل کی زنجیر کھینچتے جائیں
صدائیں لوٹتی ہیں بام و در سے ٹکرا کر
عنان ملک پڑی ہے حنائی ہاتھوں میں
کوئی تو حق کی کرن پھوٹے ظلم کی شب میں
نگاہ امن و اماں تشنہ بار ہے اب تک