عابد مناوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خود سوال آپ ہی جواب ہوں میں (غزل)
خود سوال آپ ہی جواب ہوں میں
زندگی کی کھلی کتاب ہوں میں
یوں تو اک جرعۂ شراب ہوں میں
گردش وقت کا جواب ہوں میں
جستجوئے سکون دل تھی مجھے
غرق دریائے اضطراب ہوں میں
میری قیمت ہے پیار کے دو بول
کتنے سستے میں دستیاب ہوں میں
کبھی نغمہ طراز تھا میں بھی
آج ٹوٹا ہوا رباب ہوں میں
رنج غم درد بے کسی حسرت
میرؔ کا جیسے انتخاب ہوں میں
کون مجھ پر یقین لائے گا
اپنی نظروں میں خود سراب ہوں میں
پہلے سیلاب سے پریشاں تھا
اب کہ محو تلاش آب ہوں میں
مختلف رنگ ہیں مرے عابدؔ
کبھی جلوہ کبھی حجاب ہوں میں
لالہ زاروں میں زرد پھول ہوں میں (غزل)
لالہ زاروں میں زرد پھول ہوں میں
فصل گل ہے مگر ملول ہوں میں
چاند تاروں کو رشک ہے مجھ پر
تیرے قدموں کی صرف دھول ہوں میں
کیوں مجھے سنگسار کرتے ہو
کب یہ میں نے کہا رسول ہوں میں
نور سر مستیٔ ابد ہوں مگر
مے شفاف میں حلول ہوں میں
رنج و غم کیوں نہ میری قدر کریں
بے غرض اور با اصول ہوں میں
چاندنی کیا پیام لائی ہے
آج کچھ اور بھی ملول ہوں میں
سب کے حق میں ہوں شاخ گل لیکن
صرف اپنے لیے ببول ہوں میں
مجھ پہ ہی یورش الم کیوں ہے
جب حقیقت میں تیری بھول ہوں میں
غم ہجراں ہی وہ سہی عابدؔ
کوئی تو ہے جسے قبول ہوں میں