پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انداز امروہوی کی غزلیں — Andaz Amrohvi Ghazals

انداز امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عمر بھر چلتا رہوں یہ حادثہ رہنے دیا (غزل)

عمر بھر چلتا رہوں یہ حادثہ رہنے دیا

اس نے منزل چھین لی اور راستہ رہنے دیا

اس طرح اس نے کیا بیماریٔ غم کا علاج

اچھا ہونے پر بھی محتاج دوا رہنے دیا

جب گئے تھے میری راہوں میں جلا کر تم چراغ

آندھیوں کو کس لئے مجھ سے خفا رہنے دیا

چاہے جھوٹا ہی سہی اس نے دلاسہ تو دیا

کم سے کم جینے کا میرے سلسلہ رہنے دیا

تھا حقیقت پر فدا سونے سے بھی ڈرتا رہا

عمر بھر آنکھوں کو خوابوں سے جدا رہنے دیا

یوں کیا مجھ پر ستم آخر تیری پہچان نے

میری ہی پہچان کو مجھ سے جدا رہنے دیا

خود سے جب انداز ملنے کا نہیں تھا حوصلہ

آئنہ چہرے کے آگے کیوں رکھا رہنے دیا

جسے بھی دیکھیے ساحل سے آ کے پیار کرے (غزل)

جسے بھی دیکھیے ساحل سے آ کے پیار کرے

سوال یہ ہے کہ دریا کو کون پار کرے

وہ آ بھی جائے تو رہتا ہے انتظار اس کا

اب ایسے شخص کا کیا کوئی انتظار کرے

جو جانتے ہی نہیں اک قطار میں اڑنا

نگاہ ایسے پرندوں کو کیا شمار کرے

لباس جس کا ہے اجلا فقط مرے دم سے

مری قمیص کے دھبے کو وہ شمار کرے

وہیں اٹھائی ہے انداز نے نظر اپنی

نظارہ خود کو نظر پر جہاں نثار کرے

مزید غزلیں از انداز امروہوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں