عابد حشری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شیام گوکل نہ جانا کہ رادھا کا جی اب نہ بنسی کی تانوں پہ لہرائے گا (غزل)
شیام گوکل نہ جانا کہ رادھا کا جی اب نہ بنسی کی تانوں پہ لہرائے گا
کس کو فرصت غم زندگی سے یہاں کون بے وقت کے راگ سن پائے گا
اس گلی سے چلی درد کی رو مگر شہر میں اہل دل ہیں نہ اہل نظر
جانے کس سر سے گزرے گی یہ موج خوں جانے کس گھر یہ سیلاب غم جائے گا
ظلمت غم سے اتنے ہراساں نہ ہو کون مشکل ہے یارو جو آساں نہ ہو
یہ گراں خواب لمحے بھی کٹ جائیں گے رات ڈھل جائے گی دن نکل آئے گا
ہر نفس ہر قدم ہر نئے موڑ پر وقت اک زخم نو دے رہا ہے مگر
وقت خود اپنے زخموں کا مرہم بھی ہے وقت کے ساتھ ہر زخم بھر جائے گا
کس لگن کس تمنا سے کس چاؤ سے موسم رنگ و نکہت کو دی تھی صدا
کیا خبر تھی کہ ابر بہار آفریں آگ کے پھول گلشن پہ برسائے گا
تیرے غم کے چراغوں کی صد رنگ ضو اک کرن دے سکے گی نہ احساس کو
بزم جاں اتنی سنسان ہو جائے گی شہر دل اتنا ویران ہو جائے گا
درد کی لہر یقیناً مرے گھر جائے گی (غزل)
درد کی لہر یقیناً مرے گھر جائے گی
میں نہ ہوں گا تو خدا جانے کدھر جائے گی
موجۂ خوں سے گزرنا ہے گزر جائے گی
چار دن بعد یہ ندی بھی اتر جائے گی
کون کر سکتا ہے افکار و نظر کو محصور
کام خوشبو کا بکھرنا ہے بکھر جائے گی
منزل زیست تجھے میں نہ کروں گا مایوس
میں نہ پہنچا تو مری گرد سفر جائے گی
میں اندھیروں کے تسلسل سے نہیں ہوں خائف
روشنی آج نہیں کل مرے گھر جائے گی
میں تو مر سکتا ہوں حالات کے سناٹوں میں
دوستو کیا مری آواز بھی مر جائے گی