پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عندلیب شادانی کی غزلیں — Andaleeb Shadani Ghazals

عندلیب شادانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیر لگی آنے میں تم کو شکر ہے پھر بھی آئے تو (غزل)

دیر لگی آنے میں تم کو شکر ہے پھر بھی آئے تو

آس نے دل کا ساتھ نہ چھوڑا ویسے ہم گھبرائے تو

شفق دھنک مہتاب گھٹائیں تارے نغمے بجلی پھول

اس دامن میں کیا کیا کچھ ہے دامن ہاتھ میں آئے تو

چاہت کے بدلے میں ہم تو بیچ دیں اپنی مرضی تک

کوئی ملے تو دل کا گاہک کوئی ہمیں اپنائے تو

کیوں یہ مہرانگیز تبسم مد نظر جب کچھ بھی نہیں

ہائے کوئی انجان اگر اس دھوکے میں آ جائے تو

سنی سنائی بات نہیں یہ اپنے اوپر بیتی ہے

پھول نکلتے ہیں شعلوں سے چاہت آگ لگائے تو

جھوٹ ہے سب تاریخ ہمیشہ اپنے کو دہراتی ہے

اچھا میرا خواب جوانی تھوڑا سا دہرائے تو

نادانی اور مجبوری میں یارو کچھ تو فرق کرو

اک بے بس انسان کرے کیا ٹوٹ کے دل آ جائے تو

ہنستی آنکھیں ہنستا چہرہ اک مجبور بہانہ ہے (غزل)

ہنستی آنکھیں ہنستا چہرہ اک مجبور بہانہ ہے

چاند میں سچ مچ نور کہاں ہے چاند تو اک ویرانہ ہے

ناز پرستش بن جائے گا صبر ذرا اے شورش دل

الفت کی دیوانہ گری سے حسن ابھی بیگانہ ہے

مجھ کو تنہا چھوڑنے والے تو نہ کہیں تنہا رہ جائے

جس پر تجھ کو ناز ہے اتنا اس کا نام زمانہ ہے

تم سے مجھ کو شکوہ کیوں ہو آخر باسی پھولوں کو

کون گلے کا ہار بنائے کون ایسا دیوانہ ہے

ایک نظر میں دنیا بھر سے ایک نظر میں کچھ بھی نہیں

چاہت میں انداز نظر ہی چاہت کا پیمانہ ہے

خود تم نے آغاز کیا تھا جس کا ایک تبسم سے

محرومی کے آنسو بن کر ختم پہ وہ افسانہ ہے

یوں ہے اس کی بزم طرب میں اک دل غم دیدہ جیسے

چاروں جانب رنگ محل ہیں بیچ میں اک ویرانہ ہے