پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عابد کرہانی کی غزلیں — Abid Karhani Ghazals

عابد کرہانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زرد موسم کی ہواؤں میں کھڑا ہوں میں بھی (غزل)

زرد موسم کی ہواؤں میں کھڑا ہوں میں بھی

اور اس سوچ میں گم ہوں کہ ہرا ہوں میں بھی

سن کے ہر شخص کچھ اس طرح گزر جاتا ہے

جیسے گرتے ہوئے پتوں کی صدا ہوں میں بھی

میری آواز شکستہ کی ستائش نہ کرو

اپنی آواز کی لہروں میں چھپا ہوں میں بھی

تجھ کو تخلیق کیا میں نے کہ مجھ کو تو نے

کون خالق ہے یہی سوچ رہا ہوں میں بھی

وہ جو طوفان خودی لے کے بڑا ہے عابدؔ

اس کو معلوم نہیں کوہ انا ہوں میں بھی

عالم خواب سہی خواب میں چلتے رہیے (غزل)

عالم خواب سہی خواب میں چلتے رہیے

رات کٹ جائے گی کروٹ تو بدلتے رہیے

کس کو معلوم کہاں سے کوئی پتھر آ جائے

حوصلہ ہو تو اندھیروں میں نکلتے رہیے

بن ہی جائے گا کبھی کوئی خودی کا پیکر

اپنے احساس کی گرمی سے پگھلتے رہیے

زندگی سلسلۂ خواب تمنا ہے کوئی

رات بھر خواب کو خوابوں سے بدلتے رہیے

ہم پہ کیا ہوگا زمانے کی ہواؤں کا اثر

آپ موسم کی طرح روز بدلتے رہیے

زندگی کیا ہے سرابوں کا سفر ہے عابدؔ

وقت کی ریت پہ دن رات مچلتے رہیے

مزید غزلیں از عابد کرہانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں