پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انس نبیل کی غزلیں — Anas Nabeel Ghazals

انس نبیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب یاد تری آتی ہے تھمتے نہیں آنسو (غزل)

جب یاد تری آتی ہے تھمتے نہیں آنسو

پھر رات بھی ہو جائے تو سوتے نہیں آنسو

جب خوف خدا سے یہ نکل جائیں تو موتی

جز آب کے کچھ اور تو ہوتے نہیں آنسو

رخسار کے رستہ پہ ہی چلتے ہیں یہ سیدھے

انساں کی طرح رہ سے بھٹکتے نہیں آنسو

تعظیم میں پلکوں سے اتر جاتے ہیں نیچے

غم آئیں تو بیٹھے ہوئے رہتے نہیں آنسو

جب بھی میں بلاتا ہوں چلے آتے ہیں ملنے

تیری طرح رسوائی سے ڈرتے نہیں آنسو

کاجل کے بکھرنے سے بنا اور حسیں وہ

حالانکہ کسی آنکھ میں جچتے نہیں آنسو

نادان نبیلؔ ان سے تو جل جائے گا کاغذ

کاغذ کے کسی صفحے پہ لکھتے نہیں آنسو

دل عشق کا مارا تھا کالج کے زمانے میں (غزل)

دل عشق کا مارا تھا کالج کے زمانے میں

ہر زخم گوارا تھا کالج کے زمانے میں

اب صرف اندھیری شب اور ساتھ ہے تنہائی

اک چاند ہمارا تھا کالج کے زمانے میں

ہے آج بھی یادوں کے گنبد میں صدا تیری

کیوں تو نے پکارا تھا کالج کے زمانے میں

احباب کی محفل میں ہم بانٹ دیا کرتے

غم جیسے چھوارا تھا کالج کے زمانے میں

بیٹھے ہیں جہاں آنسو اس آنکھ کے ساحل پر

خوابوں کو اتارا تھا کالج کے زمانے میں

اس کے ہی تو صدقے میں ہر جیت ملی ہم کو

جو معرکہ ہارا تھا کالج کے زمانے میں

بوسیدہ کتابیں سب اس پھول سے مہکی ہیں

بخشا جو تمہارا تھا کالج کے زمانے میں

خاموش جزیرہ تو صدموں سے بنا ہوں میں

پر شور کنارا تھا کالج کے زمانے میں

لکھ دیتے نبیلؔ اپنے شعر اس کی کتابوں پر

یوں فن کو نکھارا تھا کالج کے زمانے میں

مزید غزلیں از انس نبیل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں