عابد بریلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آنکھوں میں آنسوؤں کا گزارا نہیں رہا (غزل)
آنکھوں میں آنسوؤں کا گزارا نہیں رہا
جب سے بچھڑ کے تو جو ہمارا نہیں رہا
تم نے بھلا دئے وہ محبت کے سلسلے
اک ہم ہیں الفتوں سے کنارا نہیں رہا
منظر حسین خوابوں سے جب سے بکھر گئے
کوئی بھی پھر نظر میں دوبارہ نہیں رہا
سارا جہان تیری محبت میں ہار کر
کہہ دوں میں تجھ سے کیسے خسارہ نہیں رہا
پھولوں کی بات ہو کہ ستاروں کی ذات ہو
کس پر ترے کرم کا اشارہ نہیں رہا
عابدؔ یہ ہم نے چاہا چراغوں کو پھونک دیں
اس سے بچھڑ کے یہ بھی گوارہ نہیں رہا
دل میں نفرت کی لگی آگ بجھا دی جائے (غزل)
دل میں نفرت کی لگی آگ بجھا دی جائے
اب زمانہ کو محبت کی فضا دی جائے
بات لازم ہے اصولوں کی مگر اے یارو
پہلے دیوار عداوت کی گرا دی جائے
پھر جلے گھر نہ کسی کا بھی حکومت میں کوئی
بے حسی وقت کی جو بھی ہو مٹا دی جائے
کب تلک یوںہی سہو گے یہ ستم دنیا کے
اب تو آواز بغاوت کی اٹھا دی جائے
تاکہ ہر سمت ہو عابد یہ نظام الفت
شمع اک اور محبت کی جلا دی جائے