انس ناقر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یوں نظر انداز کر کے ظلم ڈھایا ہے بہت (غزل)
یوں نظر انداز کر کے ظلم ڈھایا ہے بہت
بے رخی نے تیری مجھ کو آزمایا ہے بہت
تم بھی سمجھوتہ کرو اپنی محبت کے لیے
میں نے بھی اس کے لیے خود کو جھکایا ہے بہت
دو دنوں کی تھی محبت چار دن کی زندگی
چار کے چاروں ہی دن اس نے رلایا ہے بہت
بیٹھ کر تم نے پرائی محفلوں میں جان جاں
بارہا یوں خون کو میرے جلایا ہے بہت
میں نے تو سوچا تھا تجھ کو بھول جاؤں گا مگر
تو تو پہلے سے بھی لیکن یاد آیا ہے بہت
اب کہ ناقرؔ روٹھا ہے وہ چھوڑ جانے کے لیے
جان کر بھی سب اسے میں نے منایا ہے بہت
جس جگہ آپ آتے رہتے ہیں (غزل)
جس جگہ آپ آتے رہتے ہیں
واں سے دکھ سارے جاتے رہتے ہیں
دل بھی لاہور بن گیا اب تو
لوگ یاں آتے جاتے رہتے ہیں
تیری باتوں کو یاد کر کے ہم
آج بھی مسکراتے رہتے ہیں
یہ تمہیں یاد کرنے کا ڈھب ہے
نام لکھ کر مٹاتے رہتے ہیں
تیری تصویر رکھتے ہیں آگے
صبر کو آزماتے رہتے ہیں
اوروں پر مہربان کیوں ہیں وہ
مجھ پہ کیوں ظلم ڈھاتے رہتے ہیں
دوست تو دوست ہوتے ہیں ناقرؔ
دوست ملتے ملاتے رہتے ہیں