پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عابد عالمی کی غزلیں — Abid Almi Ghazals

عابد عالمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ جو ہر راہ کے ہر موڑ پہ مل جاتا ہے (غزل)

وہ جو ہر راہ کے ہر موڑ پہ مل جاتا ہے

اب کے پوچھیں گے کہ اس شخص کا قصہ کیا ہے

میں وہ پتھر ہوں نہیں جس کو ملا سنگ تراش

میں نے ہر شکل کو اپنے میں سمو رکھا ہے

یوں ہی چپ چاپ بھلا بیٹھے رہو گے کب تک

کوئی دروازہ کہیں یوں بھی کھلا کرتا ہے

جب بھی گرتی ہے کسی کوچے میں کوئی دیوار

مجھ کو لگتا ہے کوئی شخص بہت رویا ہے

پاؤں جلتے ہیں یہاں جسم بھی جل جائے گا

تم نے کیا سوچ کے صحرا میں قدم رکھا ہے

ٹوٹتے بنتے ہی یہ عمر گزر جائے گی

میری ہر شکل میں اک نقص ابھر آتا ہے

ہم نے ہر دور کے سینے میں ہیں گھونپے خنجر

اور ہر دور کے سینے سے لہو ٹپکا ہے

تم نے پوچھا ہے کہ تم کیا ہو کہاں ہو کیوں ہو

یہ تو بتلاؤ کہ اس سوچ میں کیا رکھا ہے

دشت کے پیڑوں سے کیا پوچھ رہے ہو عابدؔ

بھول جاؤ کہ تمہیں کوئی صدا دیتا ہے

جو شخص تجھ کو فرشتہ دکھائی دیتا ہے (غزل)

جو شخص تجھ کو فرشتہ دکھائی دیتا ہے

وہ آئنے سے ڈرا سا دکھائی دیتا ہے

کیا تھا دفن جسے فرش کے تلے کل رات

وہ آج چھت سے اترتا دکھائی دیتا ہے

تری نگاہ میں ممکن ہے کچھ اٹک جائے

مجھے تو صرف اندھیرا دکھائی دیتا ہے

سوال ذہن میں چبھتے ہیں نشتروں کی طرح

یہ خون بھی مجھے ہوتا دکھائی دیتا ہے

خلا میں ڈوب چکی ہے نگاہ جب میری

وہ پوچھتے ہیں تجھے کیا دکھائی دیتا ہے

نگلتا جاتا ہے چپ چاپ خشک جنگل اسے

یہ آفتاب تو ٹھنڈا دکھائی دیتا ہے

نقاب بدلو کچھ ایسے کہ معجزہ ہو جائے

ہجوم ورنہ بکھرتا دکھائی دیتا ہے

تمہاری یاد کے دریا تمام سوکھ چلے

جہاں تہاں مجھے صحرا دکھائی دیتا ہے

صدائیں گونجتی رہتی ہیں رات بھر کس کی

مکان ویسے تو سونا دکھائی دیتا ہے

جو پیڑ تم نے لگایا تھا میرے آنگن میں

وہ اس برس مجھے گرتا دکھائی دیتا ہے

مرے کلیجہ کی رگ رگ سے ہوک اٹھتی ہے (نظم)

مرے کلیجہ کی رگ رگ سے ہوک اٹھتی ہے

مجھے مری ہر شکستوں کی داستاں نہ سنا

نہ پوچھ مجھ سے مری خامشی کا راز نہ پوچھ

مرے دماغ کا ہر گوشہ دکھ رہا ہے ابھی

فضائے ظلمت ماضی میں اے مرے ہمدم

ڈھکے ڈھکے سے مری کامرانیوں کے نشاں

اداس اداس نگاہوں کی شمع سے نہ ٹٹول

ہر اک کے سینہ پہ بار شکست ہے اس وقت

ترا خلوص مری داستاں کا عنواں ہے

مرے حبیب مجھے اب تو اپنی مہلت دے

کہ اپنے درد کو دل میں چھپا کے غم خوردہ

جہاں سے دور کہیں اس طرف نکل جاؤں

وہ دیکھ وقت کے چہرے پہ صاف لکھا ہے

کہ یہ شکست مری آخری شکست نہیں

مزید غزلیں از عابد عالمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں