انس بھوپالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شام آتے ہی غم نکلتا ہے (غزل)
شام آتے ہی غم نکلتا ہے
ساتھ سورج کے دل بھی ڈھلتا ہے
موت آتی ہے خوش نصیبوں کو
میرے جیسوں کو غم نگلتا ہے
چھوٹے بچوں سا ہے مرا دل بھی
کچھ نہیں کہتا بس مچلتا ہے
کیسے بیتے گی زندگی تم بن
سوچنے پر ہی دم نکلتا ہے
ہار جاتی ہیں دھڑکنیں اکثر
عشق سانسوں سے تیز چلتا ہے
مسکراتا ہے جب کوئی اپنا
میرے سینے کا زخم جلتا ہے
تجھ کو غیروں کے ساتھ دیکھوں تو
زخم بھرنے کے بعد جلتا ہے
مٹ ہی جائے گا غم بھی سینے کا
عمر بھر کون ساتھ چلتا ہے
یوں ہی زباں پہ لگ گیا قطرہ شراب کا (غزل)
یوں ہی زباں پہ لگ گیا قطرہ شراب کا
شب بھر رہا دماغ پہ قبضہ شراب کا
مجھ پر خمار تو نہیں تنہا شراب کا
آدھا نشہ ہے عشق کا آدھا شراب کا
یادیں تمہاری ہوش میں تڑپائیں گی ہمیں
مر جائیں گے اگر نشہ اترا شراب کا
اک دو گلاس سے میرا ہوگا بھی کیا میاں
لاؤ کوئی ندی کوئی دریا شراب کا
آسان ہے پتہ مرا مسجد کے سامنے
اک دو مکان چھوڑ کے ٹھیکا شراب کا
ہم کو غزل تو پھول پہ لکھنی تھی پر انسؔ
جانے کہاں سے آ گیا مصرع شراب کا