اننیا راۓ پراشر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل کسی سے بھی اگر لگتا ہے (غزل)
دل کسی سے بھی اگر لگتا ہے
پھر تو دیوار سے سر لگتا ہے
ایک بس تم کو ہی چاہوں لیکن
مجھ کو اس عشق سے ڈر لگتا ہے
تیری یادوں سے سجاتی ہوں جب
مسکراتا ہوا گھر لگتا ہے
ہم سفر تو جو نہیں ہے میرا
روٹھا روٹھا سا سفر لگتا ہے
میٹھے میٹھے سے خیال آتے ہیں
تیری باتوں کا اثر لگتا ہے
اب نہیں ہے وہ اننیاؔ تیرا
سچ نہیں ہے یہ مگر لگتا ہے
تو اگر دیکھے سادگی میری (غزل)
تو اگر دیکھے سادگی میری
پھر طبیعت ہے شاعری میری
درد و غم میں وفا ملائی گئی
اور تخلیق کی گئی میری
مجھ کو اتنا بتاؤ سچ سچ تم
یاد آتی نہیں کبھی میری
ہر اندھیرا مٹا سکوں میں یہاں
دور تک جائے روشنی میری
اب بھی تجھ سے وفا نبھاؤں گی
اب بھی باقی ہے زندگی میری
کتنے دن سے ترا گزر نہ ہوا
کتنی ویراں ہوئی گلی میری
میں بھی شب میں فلک پہ ہوتی ہوں
کون دیکھے گا چاندنی میری
تیری سانسوں کی خوشبوؤں میں ہوں
تجھ کو ظاہر نہ ہو کمی میری
پھر اننیاؔ تجھے وہ یاد آیا
کہہ رہی آنکھوں کی نمی میری