عابد اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم جنہیں دل میں لئے پھرتے ہو جذبوں کی طرح (غزل)
تم جنہیں دل میں لئے پھرتے ہو جذبوں کی طرح
ضرب لفظی سے بکھر جائیں گے شیشوں کی طرح
اس نے وعدے جو کئے تھے کبھی قسموں کی طرح
دل پہ تحریر ہیں ہاتھوں کی لکیروں کی طرح
میں کہ عظمت میں فرشتوں سے زیادہ ہوں مگر
چاہتا یہ ہوں نظر آؤں فرشتوں کی طرح
سانس کے ساتھ گھٹے جاتے ہیں روحوں کے لباس
ہم بھی تحلیل ہوئے جاتے ہیں لمحوں کی طرح
یہ گھٹائیں یہ سیہ رات یہ کاجل یہ نصیب
ان میں کوئی بھی نہیں ہے تری زلفوں کی طرح
کوئی دھڑکن یا حرارت یا کوئی آنسو ہو
یوں تو پتھر بھی نظر آتے ہیں جسموں کی طرح
انتظار اور کسی شعلہ بدن کا اخترؔ
میری آنکھیں مجھے لگنے لگیں چھالوں کی طرح
جو اپنے آپ کو سب کچھ سمجھ لے (غزل)
جو اپنے آپ کو سب کچھ سمجھ لے
نہ جانے آپ کو کب کچھ سمجھ لے
مکرر اس لیے سمجھا رہا ہوں
بہت ممکن ہے وہ اب کچھ سمجھ لے
نصیحت کا تجھے تب حق ملے گا
تو اپنے آپ کو جب کچھ سمجھ لے
دعا کے بعد بھی یہ التجا ہے
زیادہ کہہ گیا اب کچھ سمجھ لے
یہاں سب کچھ کسے حاصل ہوا ہے
جو حاصل ہے اسے سب کچھ سمجھ لے
تغافل کو نہ اتنا کام میں لا
گزر جائے گی یہ شب کچھ سمجھ لے