انعم ظامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ملنے کو جہاں بھر میں تو کیا کیا نہیں ملنا (غزل)
ملنے کو جہاں بھر میں تو کیا کیا نہیں ملنا
کیا فائدہ جب ساتھ تمہارا نہیں ملنا
میں بھی تو انا ساتھ لیے پھرتی رہوں گی
اور تیری طرف سے بھی اشارہ نہیں ملنا
اب تم ہی کوئی شعر سناؤ مرے شاعر
اب اور کسی شے سے دلاسہ نہیں ملنا
یوں چاہنے والے تو بہت تم کو ملیں گے
ظامیؔ سا مگر کوئی دوبارہ نہیں ملنا
رک جائے تو سینے سے لگاتا بھی نہیں ہے (غزل)
رک جائے تو سینے سے لگاتا بھی نہیں ہے
وہ شخص مجھے چھوڑ کے جاتا بھی نہیں ہے
چھپ چھپ کے مجھے دیکھتا رہتا ہے کہیں سے
حالانکہ مرے سامنے آتا بھی نہیں ہے
کہنے کو مرا اس سے تعلق نہیں لیکن
وہ چہرہ مرے دھیان سے جاتا بھی نہیں ہے
بنتی بھی نہیں ہے مری تجھ سے مگر اے دوست
تیرے سوا کوئی مجھے بھاتا بھی نہیں ہے
منتظر ہے تو میری آمد کا (نظم)
منتظر ہے تو میری آمد کا
خیر سن کر خوشی ہوئی مجھ کو
لیکن اتنا تجھے بتاتی چلوں
تیرے خواب و خیال سو رہے ہیں
میرے پیروں میں زخم ہو رہے ہیں
میں انہیں اب چھپا نہیں سکتی
اب ترے پاس آ نہیں سکتی