عبدالصمد قیصر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تلخ کر لیں زندگی کیوں فکر مستقبل سے ہم (غزل)
تلخ کر لیں زندگی کیوں فکر مستقبل سے ہم
باز آئے اس جنون سعیٔ لا حاصل سے ہم
یہ حرم یہ دیر یہ ہوش و خرد کی گمرہی
ہر قدم کچھ دور ہی ہوتے گئے منزل سے ہم
انتہائے شوق میں ڈوبے ہوئے کھوئے ہوئے
تیری محفل میں بھی کتنی دور ہیں محفل سے ہم
حسرت ساحل بھی تھی طوفاں سے جب تک دور تھے
ڈوب کر ابھرے تو اب بیزار ہیں ساحل سے ہم
یہ مسلسل بے حسی افتادگی فرسودگی
خوب ہیں طوفاں میں قیصرؔ دورئ ساحل سے ہم
عروج میرا ہے جو کہ دنیا سمجھ رہی ہے زوال میرا (غزل)
عروج میرا ہے جو کہ دنیا سمجھ رہی ہے زوال میرا
کھٹک رہا ہے نگاہ حاسد میں خار بن کر کمال میرا
کٹیں تو کیوں کر کٹیں بھلا نا مراد دن زندگی کے آخر
نہ کچھ خبر مجھ کو آپ اپنی نہ آپ کو کچھ خیال میرا
کہیں نہ آنسو بہائے شبنم کہیں نہ کلیاں ہوں چاک دامن
تجھے قسم رونق چمن کی صبا نہ کہہ ان سے حال میرا
میں پرتو نور لم یزل ہوں فنا نواز ازل کا ڈر کیا
کمال صانع کا نقص ہوگا اگر ہوا بھی زوال میرا
گناہ گاروں کی اولیں صف سے چشم رحمت نے مجھ کو چھانٹا
ہزار سجدوں سے بڑھ کے کام آیہ جذبہ انفعال میرا
کسے خبر ہے کہ ہو ادا فرض بندگی پھر بھی مجھ سے قیصرؔ
زبان شکر و سپاس بھی بن گیا اگر بال بال میرا