انعام دموہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جڑاؤ اتنا بھی آساں نہیں وفاؤں سے (غزل)
جڑاؤ اتنا بھی آساں نہیں وفاؤں سے
الجھنا پڑتا ہے دنیا کے دیوتاؤں سے
کچھ اس طرح بھی لپٹتے ہیں درد و غم مجھ سے
کہ جیسے بچہ لپٹتے ہیں اپنی ماؤں سے
فراق یار میں مجھ کو قضا تو آنی تھی
چراغ بچتا کہاں تک بھلا ہواؤں سے
بچا سکی نہ مریض وفا کو چارہ گری
طبیب کہتے تھے بچ جائے گا دواؤں سے
چلا گیا ہے وہ صحرا سے اپنے گھر کی طرف
پلٹ کے آ گیا انعامؔ بھی خلاؤں سے
بعد تیرے کیا بتائیں اور کیا چلتا رہا (غزل)
بعد تیرے کیا بتائیں اور کیا چلتا رہا
زندگی بھر زندگی کا مسئلہ چلتا رہا
رات بھر بیٹھا رہا میں رو بہ روئے ماہتاب
اور اس سے تذکرہ بس آپ کا چلتا رہا
خواب میں آتی نہ تھیں شہزادیاں ان کے کبھی
مفلسوں کے خواب میں بھی فاصلہ چلتا رہا
مارتے ہیں بستیوں کے لوگ پتھر قیس کو
یعنی صحرا کا سفر اچھا بھلا چلتا رہا
لمس کو تیرے کبھی میں بھول ہی پایا نہیں
ساتھ میرے عمر بھر اک حادثہ چلتا رہا
شاخ دل سے جھڑ چکی تھی عشق کی ہر اک کلی
رشتہ اپنے درمیاں بس نام کا چلتا رہا
میں تو بس تکتا رہا ان کے لب و رخسار کو
ان کے دل میں اب خدا جانے کہ کیا چلتا رہا
عمر بھر پنہاں رہا قلب و جگر میں تیرا غم
عمر بھر خوشیوں سے میرا فاصلہ چلتا رہا
اس لیے انعامؔ منزل تک نہ جا پائے قدم
ایک سایہ ساتھ میرے خوف کا چلتا رہا