پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالصمد خطیب کی غزلیں — Abdussamad Khateeb Ghazals

عبدالصمد خطیب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ جواں دلوں کا حسیں ملن تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو (غزل)

وہ جواں دلوں کا حسیں ملن تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو

مجھے یاد ہے مرے کم سخن تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو

وہ چہکتا لہجہ وہ گفتگو وہ کھنک تری سر آب جو

وہ حسین شام کا بانکپن تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو

وہ محبتوں کی کہانیاں وہ رفاقتیں وہ جوانیاں

وہ بدن میں جاگی ہوئی اگن تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو

وہ شرارتیں وہ لطافتیں وہ محبتیں وہ عنایتیں

وہ مہک فشاں ترا پیرہن تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو

مجھے یاد ہے مرے دل ربا وہ زمانہ شہرت عشق کا

تھے رقیب دونوں پہ حرف زن تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو

مرے ہم نفس مرے مہرباں وہ فضا میں اڑتا ہوا دھواں

وہ ٹھٹھرتی راتوں کا بانکپن تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو

ترے حسن کا جو فقیر تھا تری زلف کا جو اسیر تھا

وہ خطیبؔ خستہ و کم سخن تجھے یاد ہو کہ نہ یاد ہو

نظم بھی گیت بھی نغمہ بھی غزل بھی تو ہے (غزل)

نظم بھی گیت بھی نغمہ بھی غزل بھی تو ہے

میری سوچوں کا حسیں تاج محل بھی تو ہے

میری بیداریٔ احساس کا ضامن بھی تو

میرے پاکیزہ تصور کا بدل بھی تو ہے

تجھ سے منسوب ہیں خوشیاں بھی الم بھی یعنی

میری کمزوری بھی تو ہے مرا بل بھی تو ہے

تو ہی الجھن کا سبب ہے مرے حق میں لیکن

میری پیچیدگیٔ زیست کا حل بھی تو ہے

میری تہذیب کا آئینۂ بے داغ بھی تو

میرا کردار مرا حسن عمل بھی تو ہے

تیرے ہی دم سے ہے روشن مری دنیا جاناں

میرا سورج بھی مرا چاند کنول بھی تو ہے

صرف راقم کے سوا کچھ بھی نہیں تیرا خطیبؔ

تو غزل بھی سبب حسن غزل بھی تو ہے

مزید غزلیں از عبدالصمد خطیب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں