پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انا دہلوی کی غزلیں — Ana Dehlvi Ghazals

انا دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں اصولوں سے بغاوت نہیں کرنے والی (غزل)

میں اصولوں سے بغاوت نہیں کرنے والی

کبھی توہین محبت نہیں کرنے والی

مجھ کو نذرانۂ دل پیش نہ کیجے صاحب

ہر کسی سے میں محبت نہیں کرنے والی

جو شرافت کی حدوں میں کبھی رہتے ہی نہیں

ایسے لوگوں کی میں عزت نہیں کرنے والی

تو نے دل توڑ دیا کر دیا محروم وفا

پھر بھی میں تیری شکایت نہیں کرنے والی

خون مظلوم سے جو پیاس بجھائیں اپنی

میں کبھی ان کی حمایت نہیں کرنے والی

میرے دل نے جسے چاہا وہی سب کچھ ہے مرا

میں محبت کی تجارت نہیں کرنے والی

اے اناؔ میری طبیعت میں ہے شوخی لیکن

دل شکن کوئی شرارت نہیں کرنے والی

جب کبھی حسن کی پاکیزہ کہانی لکھنا (غزل)

جب کبھی حسن کی پاکیزہ کہانی لکھنا

شیام کے عشق میں میرا کو دوانی لکھنا

تم کسی پھول کو مرجھاتے ہوئے دیکھنا جب

اس گھڑی بیٹھ کے انجام جوانی لکھنا

زندگی جس کے تصور سے سنور جاتی ہے

میرے حصے میں وہی شام سہانی لکھنا

اپنے مقصد کے لئے اہل سیاست نے یہاں

کس طرح کھوئی بزرگوں کی نشانی لکھنا

اس بہانے سے اتر جائے گا یہ دل کا بوجھ

اپنا ہر قصۂ غم اپنی زبانی لکھنا

ذکر جب بھی چھڑے تہذیب کا دنیا میں اناؔ

اس قلم سے کوئی تاریخ پرانی لکھنا

مزید غزلیں از انا دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں