عبدالصمد خاں قیصر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مجھے منزلوں کی ہے جستجو نہ کسی ڈگر کی تلاش ہے (غزل)
مجھے منزلوں کی ہے جستجو نہ کسی ڈگر کی تلاش ہے
جو مری نظر کو سمجھ سکے مجھے اس نظر کی تلاش ہے
مجھے پاس دیر و حرم نہیں مری بندگی ہے وہ بندگی
جہاں خود بخود مرا سر جھکے اسی سنگ در کی تلاش ہے
یہ جہان رنج و الم تو ہے یہاں روز و شب یہی غم تو ہے
نہ ہو جس کی پھر کوئی شام غم مجھے اس سحر کی تلاش ہے
میں بھٹک رہا ہوں ادھر ادھر کوئی ہم سفر ہے نہ راہبر
مری منزلوں سے جو خود ملے اسی رہ گزر کی تلاش ہے
میں پریشاں حال ہوں اس قدر کہ ہے چشم تر تو حزیں جگر
جہاں چل کے دل کو سکوں ملے اسی بام و در کی تلاش ہے
میں مثال شمع مزار ہوں میں ظفرؔ کا اجڑا دیار ہوں
میں وہی ہوں قیصرؔ غم زدہ مجھے پھر ظفر کی تلاش ہے
کاغذ قلم کتاب سے محروم ہو گئے (غزل)
کاغذ قلم کتاب سے محروم ہو گئے
ہم جیتے جی جہان میں مرحوم ہو گئے
حاکم بنے تو کھو گئے دنیائے عیش میں
ساقی شراب جام کے محکوم ہو گئے
مقتول ہی پہ آ گیا الزام خودکشی
قاتل نگاہ عدل میں معصوم ہو گئے
غربت میں ساتھ چھوڑ دیا تو نے بھی مرا
معنی ترے خلوص کے معلوم ہو گئے
کس سے ملیں کہ ذہن نہیں ہے کسی کا صاف
سارے ہی لوگ شہر کے مسموم ہو گئے
جب زندگی میں دین تھا خوشیاں تھیں چار سو
غافل ہوئے تو دہر میں مغموم ہو گئے
مطلب پرست رہ گئے قیصرؔ جہان میں
جو پیکر خلوص تھے معدوم ہو گئے