پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالصمد تپشؔ کی غزلیں — Abdussamad Tapish Ghazals

عبدالصمد تپشؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آنکھ تھی سوجی ہوئی اور رات بھر سویا نہ تھا (غزل)

آنکھ تھی سوجی ہوئی اور رات بھر سویا نہ تھا

اس طرح وہ ٹوٹ کر شاید کبھی رویا نہ تھا

ان کے شوق دید میں تھا اس قدر کھویا ہوا

میں بھری محفل میں تھا ایسا کہ میں گویا نہ تھا

امتحاں ذوق سفر کا تھا تو سورج سر پہ تھا

دھوپ تھی دیوار تھی لیکن کہیں سایہ نہ تھا

وہ بڑا تھا پھر بھی وہ کچھ اس قدر بے فیض تھا

اس گھنیرے پیڑ میں جیسے کوئی سایہ نہ تھا

شاہرہ پر خون میں اک لاش تھی لتھڑی ہوئی

آئے دن کا حادثہ تھا اس لئے چرچا نہ تھا

ہر نگہ پیاسی تھی لیکن وقت کی تحویل میں

اک سراب آسا زمیں تھی دور تک دریا نہ تھا

اگر وہ بے ادب ہے بے ادب لکھ (غزل)

اگر وہ بے ادب ہے بے ادب لکھ

کبھی جو لکھ نہیں پایا وہ اب لکھ

تمازت حرص کی حد سے بڑھی ہے

سمندر خود ہوا ہے تشنہ لب لکھ

انا میری زباں کھلنے نہ دے گی

مجھے تو جتنا چاہے بے طلب لکھ

کمینہ ساری دنیا تیرے آگے

مگر اپنا بھی تو نام و نسب لکھ

مری قندیل جاں جلتی ہے شب بھر

ذرا اپنی بھی تو روداد شب لکھ

تپشؔ تیرے لیے میری دعا ہے

جو حق تو جانتا ہے سب کا سب لکھ

مزید غزلیں از عبدالصمد تپشؔ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں