پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

انعمتا علی کی غزلیں — Anamta Ali Ghazals

انعمتا علی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گھر میں دراڑ ڈالتے رشتوں کی خیر ہو (غزل)

گھر میں دراڑ ڈالتے رشتوں کی خیر ہو

اس آستیں میں آ بسے سانپوں کی خیر ہو

وہ ٹوٹنے لگیں تو سہولت مجھے بھی ہے

شب میں قرار بخشتے تاروں کی خیر ہو

یہ لوگ ہر قدم پہ گرانے لگے مجھے

لیکن سنبھالتی تری بانہوں کی خیر ہو

تو جو نہیں تو پھول تو ہیں آس پاس بھی

اس حبس میں کھلے ہوئے غنچوں کی خیر ہو

رک سا گیا ندی کا بہاؤ برس سے تھا

اس میں دھلے ہوئے ترے پیروں کی خیر ہو

جس سمت ہوں رواں دواں منزل بھی ہے وہیں

رستوں میں جا بہ جا پڑے کانٹوں کی خیر ہو

میں کیا کہوں کہ کتنے زمانے گزر گئے

حصے میں میرے آئیں نہ خوشیوں کی خیر ہو

موج فنا نے دشت میں لا کر جھٹک دیا

حیرت سے دیکھتی تری آنکھوں کی خیر ہو

یہ اضطراب عشق سے تحفہ ملا مجھے

منہ کو چڑا رہے ترے لفظوں کی خیر ہو

باغوں میں سیر کرتے ہوئے جگنوؤں میں تم

تم سے ضیا پکڑتے چراغوں کی خیر ہو

ان کے سبب سے ہی ہوئی میں در سے بے اماں

انعمؔ تمہارے حال پہ ہنستوں کی خیر ہو

پہلے مجھ پر بہت فدا ہونا (غزل)

پہلے مجھ پر بہت فدا ہونا

اس کی چاہت کا پھر فنا ہونا

یہ بھی بخیے ادھیڑ دیتی ہے

اس کو ہلکا نہ لے ہوا ہونا

خود کو محروم روشنی رکھ کر

کتنا مشکل ہے اک دیا ہونا

اس سہولت سے زندگی کاٹی

مجھ کو آیا نہ پارسا ہونا

تو مری مشکلات کیا سمجھے

تجھ کو آتا ہے بس خدا ہونا

میری ترتیب سے رہی نالاں

زیست کو آ گیا خفا ہونا

اس کے جیون میں آ گیا کوئی

کھا گیا مجھ کو دوسرا ہونا

مزید غزلیں از انعمتا علی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں