پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امن شہزادی کی غزلیں — Amn Shahzadi Ghazals

امن شہزادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

قریب آ کے بھی کوئی کہے نہیں ملنا (غزل)

قریب آ کے بھی کوئی کہے نہیں ملنا

سبھی سے ہاتھ ملانا گلے نہیں ملنا

تمہارے چھوڑ کے جانے سے میں نے سیکھا ہے

جو ڈھیر شوق سے آئے اسے نہیں ملنا

تیرے بغیر گزرتے ہوئے دنوں کی قسم

یہ دن گزر بھی گئے تو تجھے نہیں ملنا

ذرا سی دیر میں انسان سیکھ جاتا ہے

کہ کس سے دوری بھلی ہے کسے نہیں ملنا

محل میں گونجی ہے آواز شاہ زادے کی

گلے لگاؤ مجھے پھر سمے نہیں ملنا

سمجھ سکے جو مری بات وہ کلام کرے (غزل)

سمجھ سکے جو مری بات وہ کلام کرے

نہیں سمجھتا تو بس دور سے سلام کرے

جسے بھی چاہیے خیرات میں مری آواز

وہ پہلے میری خموشی کا احترام کرے

کواڑ کھلتے ہی ورنہ بدن سے لپٹے گی

اسے کہو کہ اداسی کا انتظام کرے

معاملات جہاں اس کے واسطے چھوڑے

اور ایک وہ ہے جو فرصت سے اپنے کام کرے

مجھے سکوں ہی وہ آواز سن کے آتا ہے

تو کیوں نہ ربط مسلسل وہ میرے نام کرے

مزید غزلیں از امن شہزادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں