پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالستار اختر انصاری کی غزلیں — Abdus Sattar Akhtar Ansari Ghazals

عبدالستار اختر انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پیار کا ہے خراج رہنے دو (غزل)

پیار کا ہے خراج رہنے دو

دل کے زخموں کی لاج رہنے دو

منہ نہ موڑو کبھی محبت سے

اپنے سر پر یہ تاج رہنے دو

ہم سمجھتے ہیں پیار کی نظریں

مت دکھاؤ مزاج رہنے دو

گلشن زیست پہ چمن والو

پیار و الفت کا راج رہنے دو

عشق سے حسن مت جدا کرنا

ہے حسیں امتزاج رہنے دو

اہل حاجت کے کام کی خاطر

اپنی ہر احتیاج رہنے دو

عالم حسن ہے یہاں اخترؔ

دل کا ہر امتزاج رہنے دو

ناز ہوتے نہ کہیں حسن کے غمزے ہوتے (غزل)

ناز ہوتے نہ کہیں حسن کے غمزے ہوتے

ہم نہ ہوتے تو کہاں پیار کے چرچے ہوتے

آج نظروں میں تری ہم جو زمانے ہوتے

کل فضاؤں میں بکھرتے ہوئے نغمے ہوتے

سائے زلفوں کے اگر آپ کے مہکے ہوتے

پھول کاندھوں پہ لئے اپنے جنازے ہوتے

ہم جو ہوتے تری یادوں میں یقیناً شامل

گوہر اشک تری آنکھ سے برسے ہوتے

دامن دل پہ انہیں ہم تو سجائے رکھتے

مثل خنجر نہ اگر آپ کے جملے ہوتے

اف یہ تاریک فضاؤں کا سلگتا جادو

کاش بکھرے تری یادوں کے اجالے ہوتے

بد نصیبوں پہ کبھی یوں نہ برستے اخترؔ

آتش غم میں اگر آپ بھی تڑپے ہوتے