پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالسمیع صدیقی نعیم کی غزلیں — Abdus Sami Siddiqui Naeem Ghazals

عبدالسمیع صدیقی نعیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بہت دن سے بتانا چاہتا ہوں (غزل)

بہت دن سے بتانا چاہتا ہوں

تمہیں میں غائبانہ چاہتا ہوں

بظاہر روٹھ جانا چاہتا ہوں

مقدر آزمانا چاہتا ہوں

تمہیں فرصت نہیں ہے لمحہ بھر کی

ادھر میں اک زمانہ چاہتا ہوں

مجھے بھی پریم ہے اردو سے یارو

غزل سے آب و دانہ چاہتا ہوں

مجھے ڈر ہے نعیمؔ اس بار میں بھی

تعلق تاجرانہ چاہتا ہوں

زخم دل اپنا کبھی اس کو دکھا بھی دینا (غزل)

زخم دل اپنا کبھی اس کو دکھا بھی دینا

اس کی سن لینا کبھی اس کو سنا بھی دینا

آنسوؤں اور شرابوں کی کہانی کب تک

مری غزلوں کو کوئی رنگ نیا بھی دینا

میں ہوں منزل کا طلب گار مگر راہنما

مجھ کو دو چار قدم راہ وفا بھی دینا

ترے احسان نہ ہرگز میں کبھی بھولوں گا

بھول جاؤں تو مجھے یاد دلا بھی دینا

وہ نعیمؔ آج نہ مانے گا مگر تم ہی کبھی

اس سے ملنا بھی اسے خود سے ملا بھی دینا

ننھے منے بچوں کو (نظم)

ننھے منے بچوں کو

دیکھ کر کبھی اکثر

مسکرانے لگتا ہوں

جیسے کوئی اپنا سا

مدتوں میں مل جائے

اور پھر نہ جانے کیوں

آنکھ خون روتی ہے

اس سہانے بچپن میں

خواب جتنے دیکھے تھے

یاد آنے لگتے ہیں