امن لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شوق ثواب کچھ نہیں خوف عذاب کچھ نہیں (غزل)
شوق ثواب کچھ نہیں خوف عذاب کچھ نہیں
جس میں نہ جوش جہد ہو اس کا شباب کچھ نہیں
زندگی اک سوال ہے جس کا جواب موت ہے
موت بھی اک سوال ہے جس کا جواب کچھ نہیں
نغمۂ نو کے واسطے غیر کی احتیاج کیا
چھیڑ دے تار ساز دل چنگ و رباب کچھ نہیں
صاف دلوں کے واسطے تنگ ہے عرصۂ حیات
ذات حباب خوب ہے عمر حباب کچھ نہیں
برہمن اور شیخ میں جھگڑے یہی ہیں رات دن
تیری کتاب کچھ نہیں تیری کتاب کچھ نہیں
رات کو مے کدے میں کل تھی کسی مست کی صدا
ایک نظر کا رنگ ہے رنگ شراب کچھ نہیں
امیدیں تو وابستہ ہیں ابر تر سے (غزل)
امیدیں تو وابستہ ہیں ابر تر سے
جو برسے تو برسے نہ برسے نہ برسے
جہاں کیا ہے اور اس کی رنگینیاں کیا
یہ پوچھو کسی دیدۂ حق نگر سے
زبان و دہن سے جو کھلتے نہیں ہیں
وہ کھل جاتے ہیں راز اکثر نظر سے
مرا راستہ کارواں سے الگ ہے
گزرنا ہے اک منزل پر خطر سے
یہ ہے امنؔ انساں کی پستی سی پستی
گنہ سے بچا بھی تو دوزخ کے ڈر سے
چند کھوئے ہوئے لمحات کو کرتا ہوں تلاش (نظم)
چند کھوئے ہوئے لمحات کو کرتا ہوں تلاش
اور وہ ملتے نہیں عالم بیداری میں
عالم خواب کو کہتے ہیں حقیقت کے خلاف
کشمکش سی ہے بپا غفلت و ہشیاری میں
کبھی شہروں کبھی قریوں کبھی ویرانے میں
تھک کے بیٹھا ہوں تو دیتا ہوں تسلی دل کو
ہوں گے محفوظ کسی دل کے سیہ خانے میں
چند کھوئے ہوئے افکار کو کرتا ہوں تلاش
جانے محفوظ ہیں وہ ذہن کے کس کونے میں
میرے افکار تو ہیں جزو مری ہستی کے
خود بھی میں کھو سا گیا امنؔ انہیں کھونے میں
چند کھوئے ہوئے احباب کو کرتا ہوں تلاش
عالم آب و گل اب ان کا پتہ کیا دے گا
ہاں اگر حد سے بڑھا جذبۂ دل اے ہمدم
شوق نظارہ انہیں تک مجھے پہونچا دے گا