عبدالصمد آسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم نے جائز شراب کر ڈالی (غزل)
ہم نے جائز شراب کر ڈالی
زندگانی خراب کر ڈالی
دھجی دھجی خود اپنے مذہب کی
ہم نے عالی جناب کر ڈالی
صرف دنیا ہی تک نہیں محدود
عاقبت تک خراب کر ڈالی
کوئی چہرہ نظر نہیں آتا
کوشش بے حساب کر ڈالی
عقل مندوں نے ضد میں قدرت سے
کل زمیں زیر آب کر ڈالی
کچھ سمجھ میں نہ آپ کے آیا
ختم ساری کتاب کر ڈالی
کیا قیامت ہے پیر و مرشد نے
کفر مستی ثواب کر ڈالی
بس کے آسیؔ یہ وقت توبہ ہے
آرزو بے حساب کر ڈالی
لاکھ عاشق ہوا کرے کوئی (غزل)
لاکھ عاشق ہوا کرے کوئی
عشق کا حق ادا کرے کوئی
عشق کی انتہا کرے کوئی
جان ان پر فدا کرے کوئی
جن کے دل میں بسا ہو تو ہی تو
تجھ سے پھر کیا دعا کرے کوئی
کرنے والی تو ذات اسی کی ہے
کیا کسی کا بھلا کرے کوئی
بے رخی سے ملے تو ملنا کیا
عمر بھر تک ملا کرے کوئی
عشق سے دل تو اس کا خالی ہے
لاکھ ذکر خدا کرے کوئی
جو بشر دشمن محبت ہو
منہ نہ اس سے لگا کرے کوئی
بے وفا وہ ہیں یا کہ میں آسیؔ
آج یہ فیصلہ کرے کوئی