پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امجد اشرف ملا کی غزلیں — Amjed Ashraf Malla Ghazals

امجد اشرف ملا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی جلتا بدن دیکھا کبھی اٹھتا دھواں پایا (غزل)

کبھی جلتا بدن دیکھا کبھی اٹھتا دھواں پایا

گناہوں کے تسلسل سے عذاب جاں رواں پایا

رموز بندگی ہم پر کھلے ان کے وسیلے سے

جنہیں عالم نے رحمت کا محیط بیکراں پایا

مقدر سے بھلا کیوں کر نہ اہل دل کریں شکوہ

کہ شمع جاں جلا کر بھی اندھیرا درمیاں پایا

بھرم اپنی خرد مندی کا ٹوٹا اس گھڑی جس دم

حباب دجلہ میں ہم نے سمندر کو نہاں پایا

بہار آئی چمن میں اور اسیران قفس نے بھی

نئی رت کی ہوا پائی نیا اک پاسباں پایا

مرا سر دیکھ کر بولے مرے احباب دشمن سے

یہ کس سرکش کا سر ہے جو سر نوک سناں پایا

نہ غنچہ کا نہ بلبل کا نہ ہی باد بہاری کا

چمن میں تو فقط ہم نے نشان کشتگاں پایا

خود اپنی ذات میں ہم قید ہو کر رہ گئے امجدؔ

دل ناداں کو ہم نے بھی وگرنہ خونچکاں پایا

چمن کے نو دمیدہ گل بہاروں سے خفا بیٹھے (غزل)

چمن کے نو دمیدہ گل بہاروں سے خفا بیٹھے

صباحت میں خلش پیہم اسیر غم ہوا بیٹھے

ابھی فرد وفا اک جاں بہ لب ہے شہر گریاں میں

تبھی سب پا بہ گل پہلے بچھا فرش عزا بیٹھے

ہوائیں راج کرتی ہیں بجھا کر شمع الفت کو

یہ سن کر کنج عزلت میں ستم کش مسکرا بیٹھے

کہا جب اہل بینش نے جلال پادشاہی کیا

غبار رہ اٹھا کر ہم ہوا میں تب اڑا بیٹھے

کمال صبر بھی ہم کو میسر تھا مگر ہم تو

جنوں میں اپنی ہستی کو زمانے سے مٹا بیٹھے

ہماری حسرتوں پر اب لگی قدغن عداوت کی

حریفوں کی حمایت میں رفیقوں کو ستا بیٹھے

متاع و مال میرا سب لٹایا رہبروں نے ہے

گلہ اب رہزنوں سے کیا کہ امجدؔ وہ بچا بیٹھے

مزید غزلیں از امجد اشرف ملا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں