عبدالرحمان مومن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زمانے کو زمانے کی پڑی ہے (غزل)
زمانے کو زمانے کی پڑی ہے
ہمیں وعدہ نبھانے کی پڑی ہے
یہ دنیا چاند پر پہنچی ہوئی ہے
تجھے لاہور جانے کی پڑی ہے
ذرا دیکھو ادھر میں جل رہا ہوں
تمہیں آنسو چھپانے کی پڑی ہے
فسانہ ہی حقیقت بن گیا ہے
حقیقت کو فسانے کی پڑی ہے
ابھی جو شعر لکھا بھی نہیں ہے
ابھی سے وہ سنانے کی پڑی ہے
ترے مہمان واپس جا رہے ہیں
تجھے مہمان خانے کی پڑی ہے
وہ تیرے دل میں آ بیٹھا ہے مومنؔ
تجھے دیوار ڈھانے کی پڑی ہے
مجھے کسی نے بتایا خدا ہے میرے ساتھ (غزل)
مجھے کسی نے بتایا خدا ہے میرے ساتھ
میں کیا بتاؤں اسے اور کیا ہے میرے ساتھ
تجھے یقیں نہیں آئے گا پر حقیقت ہے
یہ تو نہیں ہے کوئی دوسرا ہے میرے ساتھ
یہ مشکلات بھی اب میرے ساتھ رہتی ہیں
یہ جانتی ہیں کہ مشکل کشا ہے میرے ساتھ
میں کیا بتاؤں تجھے یاد کیا دلاؤں تجھے
تو جانتا ہے جو تو نے کیا ہے میرے ساتھ
اگر وفا کو بتاؤں وفا بھی چیخ پڑے
وفا کے نام پہ جو کچھ ہوا ہے میرے ساتھ
ستم تو یہ ہے کہ میں نے اسے بھی چھوڑ دیا
جو سب کو چھوڑ کے تنہا کھڑا ہے میرے ساتھ
کسی سے کوئی شکایت نہیں مجھے مومنؔ
جو ہونا چاہیے وہ ہو رہا ہے میرے ساتھ
آج صبح پھر دیر سے جاگا (نظم)
آج صبح پھر دیر سے جاگا
جلدی سے اسکول کو بھاگا
گھر سے نکلا بس میں بیٹھا
بھاگم بھاگ اسکول کو پہنچا
چوکیدار نے دروازے پر
جانے دیا اندر یہ کہہ کر
اکثر دیر سے آتے ہو تم
کیوں نقصان اٹھاتے ہو تم
جلدی سے اب کلاس میں جاؤ
وقت کو اپنے یوں نہ گنواؤ
کلاس روم میں جب میں پہنچا
سر نے مجھ کو گھور کے دیکھا
دیکھا میں نے بیٹھا میں جب
تھے مشغول پڑھائی میں سب
دیر سے آنے کی ہے عادت
پیچھے بیٹھا حسب روایت
ساتھ ہی سب کے پڑھنے لگا میں
علم کے زینے چڑھنے لگا میں
کچھ ہی دیر میں بج گئے گیارہ
گھنٹی نے پھر کیا اشارہ
وقفہ آیا جب کھانے کا
بستہ کھول کے میں نے دیکھا
کھانا میں گھر بھول آیا تھا
جلدی میں اسکول آیا تھا
کچھ ہی دیر میں مالی بابا
لے آئے کھانے کا ڈبہ
پوچھا میں نے کون یہ لایا
تو مالی بابا نے بتایا
آپ کے ابو آئے تھے بیٹا
وہ یہ کھانا لائے تھے بیٹا
کتنا دھیان مرا رکھتے ہیں
ابو آپ بہت اچھے ہیں
میں نے جب وہ کھانا کھایا
یاد ابو کا کہنا آیا
ابو مجھ کو سمجھاتے ہیں
بات بھلی یہ بتلاتے ہیں
وقت گنوانا بات بری ہے
اچھی وقت کی پابندی ہے
وقت کی قدر و قیمت جانو
اپنے آپ کو تم پہچانو
ان کی باتوں میں ہے عظمت
میرے ابو رہیں سلامت