پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبدالرزاق دل کی غزلیں — Abdur Razzaq Dil Ghazals

عبدالرزاق دل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

الفاظ صبر و شکر کے بولی میں آ گئے (غزل)

الفاظ صبر و شکر کے بولی میں آ گئے

جنت کے پھل غریب کی جھولی میں آ گئے

پہلی سی اب نہ راتیں نہ نیندیں نہ خواب ہیں

سپنے سمٹ کے نیند کی گولی میں آ گئے

رنگوں کا کیا منائیں گے تہوار آج لوگ

ان کو مزے تو خون کی ہولی میں آ گئے

کٹیا سے بالاتر رہے خوف و ہراس و غم

خطرے حویلیوں میں رنگولی میں آ گئے

شاید ہوس کا ناگ بھکارن کو ڈس گیا

بے جا ابھار دامن و چولی میں آ گئے

کیوں جانے چل کے شہر نگاراں سے آج دل

دیوانہ وار گاؤں کی ٹولی میں آ گئے

کنارے معتبر ہوتے محافظ ناخدا ہوتا (غزل)

کنارے معتبر ہوتے محافظ ناخدا ہوتا

نہ کشتی ڈوبتی کوئی نہ ہر پل سانحہ ہوتا

یہاں حق بات یارو فائلوں میں نہ دبی ہوتی

عمر فاروق جیسا گر ہمیں منصف ملا ہوتا

لچک پتھر میں گر ہوتی تو پھر پتھر نہ کہلاتا

وہ دبتا پر ابھر جانے کا اس میں حوصلہ ہوتا

نہ یوں ماں باپ اپنی نا خلف اولاد کو روتے

اگر ہر ایک دن ان کا نہ فاقوں میں ڈھلا ہوتا

نئی تہذیب میں زندہ اگر شرم و حیا ہوتی

تو یوں نہ راستوں پر زیور عصمت لٹا ہوتا

مزید غزلیں از عبدالرزاق دل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں