پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امجد شہزاد کی غزلیں — Amjad Shahzad Ghazals

امجد شہزاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کچھ ہے جو یہ گمان نہ ہوتا تو ٹھیک تھا (غزل)

کچھ ہے جو یہ گمان نہ ہوتا تو ٹھیک تھا

سر پر یہ آسمان نہ ہوتا تو ٹھیک تھا

اچھا تھا گر زمین نہ ہوتی جہان میں

یا پھر کوئی جہان نہ ہوتا تو ٹھیک تھا

انسان میہمان ہے دو چار روز کا

اس پر یہ امتحان نہ ہوتا تو ٹھیک تھا

اپنی تلاش میں تو نہ پھرتا ادھر ادھر

اتنا بڑا مکان نہ ہوتا تو ٹھیک تھا

تجھ سے مرا معاملہ ہوتا بہ راہ راست

یہ عشق درمیان نہ ہوتا تو ٹھیک تھا

کیسا عجیب ہے کہ میں ہوں بھی نہیں بھی ہوں

میرا کہیں نشان نہ ہوتا تو ٹھیک تھا

میرے جیسا اس دنیا میں ہو سکتا ہے کون (غزل)

میرے جیسا اس دنیا میں ہو سکتا ہے کون

جیسے میں نے خود کو ڈھویا ڈھو سکتا ہے کون

دھل جاتے ہیں اک دن آخر جیسے بھی ہوں داغ

من کا میل اور میلی چادر دھو سکتا ہے کون

پورا چاند اور جگمگ تارے یادوں کی بارات

اس موسم میں مخمل پر بھی سو سکتا ہے کون

خوابوں کی اک بستی جس میں سب ہوں خوش اوقات

اس بستی کو آسانی سے کھو سکتا ہے کون

مٹی کا پانی سے رشتہ شاید ہے کمزور

ورنہ کشت جاں میں کانٹے بو سکتا ہے کون

مزید غزلیں از امجد شہزاد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں