عبد الرؤف عروج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خموشی میری لے میں گنگانا چاہتی ہے (غزل)
خموشی میری لے میں گنگانا چاہتی ہے
کسی سے بات کرنے کا بہانا چاہتی ہے
نفس کے لوچ کو خنجر بنانا چاہتی ہے
محبت اپنی تیزی آزمانا چاہتی ہے
مبادا شہر کا رستہ کوئی رہ رہ نہ پا لے
ہوا قبروں کی شمعیں بھی بجھانا چاہتی ہے
گلابوں سے لہو رستا ہے میری انگلیوں کا
فضا کیسی چمن بندی سکھانا چاہتی ہے
میں اب کے اس کی بنیادوں میں لاشیں چن رہا ہوں
امارت کوئی قصر دلبرانہ چاہتی ہے
جہاں پتھر سہی لیکن جنوں کی خود نمائی
فریب جلوۂ آئینہ خانہ چاہتی ہے
کچھ نہ کیا ارباب جنوں نے پھر بھی اتنا کام کیا (غزل)
کچھ نہ کیا ارباب جنوں نے پھر بھی اتنا کام کیا
دار بہ دار افتاد سے کھیلے زلف بہ زلف آرام کیا
ساون شعلے بھڑکے گلشن گلشن آگ لگی
کیسا سورج ابھرا جس نے صبح کو آتش نام کیا
تنہائی بھی سناٹے بھی دل کو ڈستے جاتے ہیں
رہ گیرو کس دیس میں آ کر ہم نے آج قیام کیا
قریۂ گل سے دشت بلا تک اہل ہوس کی یورش تھی
کچھ تو سمجھ کر دیوانوں نے ترک جادۂ عام کیا
رات کے ہاتھوں کب تک رہتا شہر نگاراں تیرہ و تار
اپنے لہو سے ہم نے چراغاں آخر گام بہ گام کیا
عیش بھی گزرے رنج بھی گزرے دل کی حالت ایک رہی
کب جشن آغاز منایا کب خوف انجام کیا
میرؔ کے گیانی لاکھوں دیکھے میرؔ سی کس میں بات عروجؔ
میری بیتی آپ نے کہہ لیں خود کو عبث بد نام کیا