پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امجد رحمانی کی غزلیں — Amjad Rahmani Ghazals

امجد رحمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس پہ جب جب مری نظر جائے (غزل)

اس پہ جب جب مری نظر جائے

شرم سے اور وہ نکھر جائے

پھر مری زندگی سنور جائے

وہ جو اس روح میں اتر جائے

اس غزل سے ہے اس قدر الفت

دل نہ اس کو پڑھے تو مر جائے

جس کو اپنوں نے مل کے لوٹ لیا

آدمی وہ بھلا کدھر جائے

ریزہ ریزہ میں ہو گیا جیسے

آئنہ ٹوٹ کر بکھر جائے

جھوٹ کے لوگ یوں ہیں دیوانے

سچ میں بولوں تو میرا سر جائے

تم یہ آنکھیں سنبھال کر رکھنا

ڈوب کر پھر نہ کوئی مر جائے

کتنے پتھر پڑے ہیں رستے میں

جو بھی جائے وہ دیکھ کر جائے

تم مرے صبر سے نہیں واقف

وار اس کا نہ بے اثر جائے

حوصلے میرے لوٹ آئے ہیں

غم سے کہہ دو وہ اپنے گھر جائے

تم خفا ہو تو ایسا لگتا ہے

جسم سے جان کوچ کر جائے

اس قدر ان کی بے رخی امجدؔ

زندگی زندگی سے ڈر جائے

بکھری خوشبو ہے ان فضاؤں میں (غزل)

بکھری خوشبو ہے ان فضاؤں میں

کس کی زلفیں اڑیں ہواؤں میں

ایک صیاد جب سے آیا ہے

کتنی وحشت ہے فاختاؤں میں

کچھ وفا تجھ پہ بھی تو واجب ہے

کیوں ہے مشہور بے وفاؤں میں

تو مری دھڑکنوں میں رہتا ہے

تھوڑی تہذیب رکھ اداؤں میں

اپنی تاریخ مٹ نہیں سکتی

ہم ہیں اردو زباں کی چھاؤں میں

پیار کا راستہ سنبھل کر چل

کوئی ٹھوکر لگے نہ پاؤں میں

شہر اکثر سکوں سے خالی ہیں

چین ملتا بھی ہے تو گاؤں میں

حکم رب سے اثر میں ہیں امجدؔ

ورنہ کچھ بھی نہیں دواؤں میں

مزید غزلیں از امجد رحمانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں